وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری مولانا فضل الرحمان کو استعمال کررہے ہیں۔ دہشت نہیں پھیلانا چاہتا لیکن ہمارے پاس اطلاعات اچھی نہیں اور سب سے زیادہ خطرہ مجھے اور مولانا فضل الرحمان کو ہے۔
جتنا مرضی بڑا لیڈر ہو، قانون ہاتھ میں لیا تو کچل کر رکھ دوں گا۔ اگلی بار دہشتگردی کا پرچہ کاٹیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہاکہ پارلیمنٹ لاجز واقعہ کی مذمت کرتا ہوں۔ اکتوبر 2019 میں انصارالاسلام پرپابندی لگائی گئی۔
پارلیمنٹ لاجز میں 362فیملیز رہائش پذیر ہیں، 50 افراد کو لاجز میں داخل کیا گیا۔ ہم نے 5 گھنٹے مذاکرات کیے، کامران مرتضی نے پولیس سے متعلق انتہائی غلیظ زبان استعمال کی۔ پولیس پر تشدد کیا گیا اور 6 افراد زخمی ہوئے، پولیس والے ان کی ٹھوڑی پر ہاتھ لگا کر منتیں کرتے رہے۔ جے یوآئی کے ایم این ایزاپنی مرضی سے ساتھ گئے۔
ہم نے کسی کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ نہیں بنایا۔ ابھی ٹریلر کے طور پر ہلکے پرچے دئیے۔ میں تمام اپوزیشن رہنمائوں کو درخواست کرتا ہوں کسی غلط فہمی کا شکار نہ رہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ آرمی چیف کو کالج کے زمانے سے جانتاہوں وہ جمہوریت کے ساتھ ہوں گے۔ وزیراعظم کے ساتھ تقریب میں جانا تھا کچھ فیصلوں کے باعث نہیں جارہا، فضل الرحمان نے کہاکہ ہماری لاٹھیاں تیارہیں، لیکن نجی ملیشا کو اسلام آبا دکے ریڈ زون میں داخل ہونے نہیں دیں گے۔