Site icon روزنامہ کشمیر لنک

اپوزیشن کا ڈرامہ فلاپ ہونے جارہا ہے: سردار تنویر الیاس

اپوزیشن کا ڈرامہ فلاپ

تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر و موسٹ سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا ڈرامہ فلاپ ہونے جارہا ہے، 27مارچ کو پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک جلسے میں آزادکشمیر کے لوگ دیگر صوبوں اور گلگت بلتستان سے بڑھ کر شرکت کریں گے۔

آزادکشمیر سے کار کنان کا جم غفیر ڈی چوک میں جمع ہو گا،اپوزیشن کا پتلی تماشہ فلاپ ہوگا، پی ڈی ایم کے ٹولے کو شکست فاش ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اسلام آباد میں اپنی میڈیا ٹاک میں کیا۔

سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی سیاست شر سے بھر پور ہے،وہ اپنے اکابرین کے نظریے سے کوسوں دور جا چکے ہیں۔ دین کی روح کے بر عکس وزارت،پیسہ،عہدہ،اور پرو ٹوکول ان کا شعار بن چکا ہے۔ انہوں نے ماضی میں بھارتی خفیہ ایجنسی راء سے سرمایہ لیکر کشمیر میں 370اور 35 اے کے نا جائز اقدام میں بھارت کے سہولت کار کا کردار ادا کیا اور اب وہ کشمیر پر او آِئی سی کی نمائندہ کانفرنس کے دوران لانگ مارچ کا اعلان کر کے دوبارہ سہولت کار کا کردار ادا کر نے جا رہے ہیں۔

مسئلہ کشمیر کو جتنا نقصان فضل الر حمن نے پہنچا یا اتنا شاید ہی کسی اور نے پہنچا یا ہو گا۔ موسٹ سینئر وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 27 مارچ کو پورے پاکستان سے کارکنان عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد آئیں گے۔ آزاد کشمیر کے لوگ بڑی تعداد میں اس جلسے میں شرکت کریں گے۔

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ہر تحصیل، ضلع اور ہر یونین کونسل سے لوگ آئیں گے اور آزاد کشمیر سے آنے والے لوگوں کی تعداد باقی صوبوں اور جی بی سے بہت زیادہ ہو گی، اس جلسے میں سیاسی بے روزگارو ں کو پتہ چل جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔ تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پہنچ کر اپوزیشن کی زبانیں لڑکھڑا جاتی ہیں، اپوزیشن جو ڈرامہ کر رہی تھی وہ فلاپ ہونے جارہا ہے۔

Exit mobile version