مسئلہ کشمیرپرسیاسی جماعتیں متحد، مظفرآبادمیں تاریخ ساز کشمیرریلی۔
آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں تاریخ ساز کشمیر ریلی کا انعقاد۔
ریلی کا آغاز نئے پریس کلب بنک روڈ سے ہوا یہ ریلی نئے پریس کلب بنک روڈ سے ہوتی ہوئی گیلانی چوک اور وہاں سے برہان وانی چوک پہنچی جہاں پر آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے قائدین نے ریلی سے خطاب کیا کشمیر ریلی میں مظفرآباد ڈویژن کی عوام سول سوسائٹی خواتین ٹریڈ یونینز وکلا کالجز اور یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں نے ہزاروں کی تعداد میں پرجوش شرکت کی۔
اس موقع پر ریلی کے شرکا نے اپنے ہاتھوں میں کشمیری جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اس کے علاوہ شرکا کے پاس کشمیر کی آزادی اور کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف بینرز اور پلے کارڈ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے اس موقع پر عوام نے فلگ شگاف نعروں سے ماحول کو گرما دیا ہے حق ہمارا آزادی ہم چھین کے لیں گے آزادی کشمیریوں کا قاتل مودی کے نعروں سے مظفرآباد شہر گونج اٹھا ریلی کے دوران ریاستی قومی اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندگان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے واضح رہے کہ 30 جنوری کو صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر نے ایوان صدر کشمیر ہاس اسلام آباد میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس بلائی تھی جس میں تمام ریاستی قیادت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جارحانہ انداز میں اجاگر کرنے کیلئے اہم فیصلے کیے تھے۔
جس کی روشنی میں پہلے مرحلے میں 24 فروری کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی تھی اب دوسرے مرحلے میں دارالحکومت مظفرآباد میں اس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی سے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار محمد عبدالقیوم نیازی، قائد حزب اختلاف قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر، سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، سابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عتیق احمد خان، سابق صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب، صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی، صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس مرزا محمد شفیق جرال، صدر جموں و کشمیرپیپلز پارٹی سردار حسن ابراہیم، صدر جمعیت علمائے جموں و کشمیر مولانا امتیاز صدیقی، جمعیت علمائے اسلام جموں و کشمیر کے مولانا امتیاز عباسی، صدر لبریشن لیگ آزاد کشمیر خواجہ منظور قادر، مشتاق السلام حریت کانفرنس نے خطاب کیا۔
تمام قائدین نے مظفرآباد میں کامیاب ریلی پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مبارک دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم مستقبل میں بھی صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنا دیا ہے۔
اس موقع پر تمام قائدین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے مظالم کی پر زور مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے مظالم کا نوٹس لیں۔ کشمیریوں نے سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھ کر کشمیر ریلی میں شرکت کر کے دنیا کو پیغام دے دیا ہے کہ کشمیر کشمیر کاز پر ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں۔
ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے پانچ اگست 2019 کے تمام اقدامات اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں مسترد کرتے ہیں۔ ہم اس ریلی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل اظہار یک جہتی کرتے ہوئے انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کی آزادی کی تحریک میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اس موقع پر تمام قائدین نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لیں نیز اقوام متحدہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں اس موقع پر قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے کیلئے جو بھی کال دیں گے ہم اس میں بھرپور شرکت کریں گے۔
صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے مرحلے میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے پلیٹ فارم سے اسلام آباد نیشنل پریس کلب سے ڈی چوک چوک تک ریلی نکالی آج دوسرے مرحلے میں پریس کلب مظفرآباد سے برہان وانی چوک تک ریلی نکالی گئی۔