Site icon روزنامہ کشمیر لنک

حکومت بلوچستان کا شاہد خاقان کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

حکومت بلوچستان

حکومت بلوچستان نے پیسے کی بنیاد پر حکومت بنانے کے شاہد خاقان عباسی اور الزامات لگانے والے دیگر عناصر کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ترجمان حکومت بلوچستان نے شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ کا ان کا بیان قابل مذمت ہے۔ ایک سینئر سیاستدان اور سابق وزیراعظم کو زیب نہیں دیتا کہ بغیر تحقیق و ثبوت بہتان لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سابق وزیراعظم کے پاس پیسے دیکر صوبائی حکومت تشکیل دینے کا کوئی ثبوت ہے تو پیش کریں۔ الزامات اور پہتان تراشی کی سیاست نے ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کو نقصان پہنچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں آنے والی سیاسی تبدیلی کی وجہ سابق دور حکومت میں بری گورنس اور منتخب نمائندوں کی عزت نفس کا مجروح کیا جانا تھا۔ گزشتہ صوبائی حکومت کی بری حکمرانی کے باعث عوام میں بے چینی پائی جاتی تھی۔ صوبے کے عوام نے تبدیلی کا خیر مقدم کیا۔ ترجمان نے کہا کہ تبدیلی کے عمل میں اراکین صوبائی اسمبلی کئی دن تک محصور رہے۔

صوبے کی روایات کو پامال کرتے ہوئے خواتین اراکین اسمبلی کو اٹھایا گیا۔ اگر حکومت کی تبدیلی کے لیئے پیسے خرچ کیئے جاتے تو یہ سب کچھ نہ ہوتا۔ بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان وضاحت کر چکے کہ انہوں نے ایک روپیہ تک خرچ نہیں کیا اور نہ ہی ان کے پاس پیسے تھے۔ شاہد خاقان عباسی پیسے کے لین دین کی سیاست کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

Exit mobile version