لاہور ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نےپاکستان کو شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز ایک صفر سے جیت لی۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنی پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عثمان خواجہ 91، اسمتھ 59، کیمرون گرین 79 اور ایلکس کیری 67 رنز بنا کر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے نسیم اور شاہین نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان کی ٹیم 268 رنز پر ڈھیر ہو گئی، عبداللہ شفیق 81، اظہر علی 78 اور بابراعظم 67 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کے کپتان کمنز نے پانچ جب کہ اسٹارک نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 227 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی اور پاکستان کو جیت کے لیے 351 رنز کا ہدف دیا۔
ایک مرتبہ پھر عثمان خواجہ 104 رنز بنا کر نمایاں رہے، ڈیوڈ وارنر نے51 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے سلامی بیٹرز نے 77 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ عبداللہ 27 رنز پر گرین کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، امام الحق نے 70 رنز بنائے۔
ان کے علاوہ بابراعظم نے 55 رنز کی اچھی اننگز کھیل کر پولین لوٹے۔ قومی ٹیم 351 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 235 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کے نیتھن لائن نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔