Site icon روزنامہ کشمیر لنک

حکومت مدت پوری کرے گی، عمران خان سڑکوں پر رلتا رہے گا: شاہد خاقان

حکومت

Shahid Khaqan Abbasi. (File Photo: IANS)

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، عمران خان سڑکوں پر رلتارہے گا۔

ان خیالات کااظہار شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اس حکومت کو کرنا پڑے گا کہ جب تک یہ نیب ہے کوئی سرکاری افسر کام نہیں کرے گاکیونکہ جو ظلم نے موجودہ چیئرمین جاوید اقبال کے دور میں کئے ہیں اس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

اب وقت ہے کہ چیئرمین نیب بھی جواب دے اور نیب کے یہ اہلکار جو ملک کا قانون توڑتے رہے ہیں۔ جو ظلم کرتے رہے ہیں جو کرپشن کرتے رہے ہیں وہ اس کا جواب دیں۔ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ نیب کی عدالتوں میں اوراس کی تفتیش میں کیمرے لگائیں تاکہ پاکستان کے عوام کو پتا چلے کہ یہ تماشا کیا ہے۔ میں آج بھی کہتا ہوں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے خلاف جو کیس ہیں وہ چلیں۔ عدالتوں میں کیمر ے لگیں اور پاکستان کی عوام کو بتایا جائے کہ کون سی کرپشن ہوئی ہے لیکن آج نیب کا صرف ایک حل ہے کہ اس کو ختم کر کے اس کے جو اہلکار ہیں جنہوں نے لوگوں کو لوٹا ہے ، ظلم کئے ہیں ان کا احتساب کیا جائے۔

نیب کا چیئرمین یہ بتائے کہ اس نے اپنے دور کے اندر اور گزشتہ23سال میں نیب نے کتنے سیاستدانوں کو پکڑا ہے ، کیابرآمدگی ہوئی ہے اورکون سے مجرم کہلائے ہیں، کیونکہ نیب کا چیئرمین وہ آدمی ہے جو مکمل طور پر عمران خان کے قبضے میں تھا، ہدایات لیتا تھا، ایک وزیر ، عمران خان کے دفتر میں بیٹھا ہوا تھا جو احکامات جاری کرتا تھا کہ کس کو گرفتار کرنا ہے۔

کس کی بے عزتی کرنی ہے، کس کے خلاف کیا کارروائی کرنی ہے، کس کے خلاف جھوٹے مقدمے بننے ہیں اوریہ وہ نیب کا چیئرمین ہے جو عمران خان کی حکومت کی کرپشن پر خاموش رہا،ایک انکوائری، ایک انویسٹی گیشن اور ایک ریفرنس دائر نہیں ہو سکا، جبکہ سینکڑوں ارب روپے لوٹنے والے کابینہ کی میز پر بیٹھے تھے، آج انشاء اللہ نیب کا احتساب ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے خلاف کوئی انتقام نہیں لینا چاہتے، جوکچھ اس نیب میں ہوا ہے وہ حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے۔

Exit mobile version