Site icon روزنامہ کشمیر لنک

وفاقی حکومت ہمارے ساتھ تعاون کرے گی ہم جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں

وفاقی حکومت

توقع ہے وفاقی حکومت ہمارے ساتھ تعاون کرے گی،ہم جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں:وزیراعظم آزادکشمیرکاانٹرویو
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ عام آدمی کیلئے ریلیف اور عوام کے ٹیکس کے پیسے کے غلط استعمال کا احتساب ہماری ترجیح ہے۔آزاد کشمیر میں دہائیوں سے جاری کرپشن کے خلاف احتساب کی رسی کہاں سے کھینچنی ہے اس کا فیصلہ آئندہ چند دنوں میں ہو جائے گا۔

احتساب کے نام پر کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ جس نے بھی کرپشن کی ہو گی وہ خود قانون کی گرفت میں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومتوں میں اپوزیشن لازم و ملزوم ہے،اپوزیشن کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی تاہم عوام کے وسیع تر مفاد میں اپوزیشن کا تعمیری کردار ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا

کہ جب آزاد کشمیر میں نواز لیگ کی حکومت بنی تو وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت تھی جس نے آزادکشمیر حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا خصوصاً آئینی ترامیم کے حوالے سے راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں قائم مسلم لیگ ن کی حکومت کو فراخدلی سے موقع دیا جس کی بناپر وہ آئینی ترامیم لانے میں کامیاب ہوئے،اس کے علاوہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر حکومت کو وافر مقدار میں فنڈز بھی فراہم کیے جس کی وجہ سے آزاد کشمیر میں حکومتی نظام بہترین طریقے سے چلتا رہا۔ اس وقت بھی خواہش اور توقع یہی ہے

کہ وفاق ہماری حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا اور آزاد کشمیر حکومت کیلئے مختص شدہ بجٹ کے علاوہ بھی ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے اضافی فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ وفاقی حکومت کو اس سلسلہ میں تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا۔ تحریک انصاف آزادکشمیر اسمبلی میں اکثریتی پارٹی ہے جس نے بھاری عوامی مینڈیٹ سے آزاد خطہ میں اپنی حکومت قائم کر رکھی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون اور سرپرستی کی امید ہے۔

انہوں نے کہا ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں تاہم وفاق کی جانب سے ہماری پارٹی پر کوئی بھی حملہ کیا گیا یا کسی بھی قسم کی توڑ پھوڑ کرنے کی کوشش کی گئی اور کوئی بھی غیر جمہوری اقدام کیا گیا تو جمہوری طور پر ہمارا جو حق ہو گا اس کے لیے ہم بھرپور مذمت اور مزاحمت کرینگے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں ایسا کوئی خطرہ نظر نہیں آرہا اس کے باوجود اگر کسی کو دیوار سے ٹکر مارنے کا شوق ہو تو وہ اپنا شوق پورا کر لے ہم اپنے حق کا بھرپور دفاع کرینگے اور اس کے لیے آخری حد تک لڑیں گے۔
تنویرالیاس

Exit mobile version