Site icon روزنامہ کشمیر لنک

وزیراعظم سٹیزن پورٹل کا قیام ٹورازم اتھارٹی کی فعالیت فنی تعلیم کے لیے نئی پالیسی

وفاقی حکومت

، تعمیرات کے لیے بلڈنگ کوڈز ، خالی آسامیوں پر تھرڈ پارٹی ایلوویشن کے تحت تقرریوں کا فیصلہ ، محکمہ لوکل گورنمنٹ کی ترقیاتی سکیمیں سیاسی ضرورت کی بجائے عوامی سہولت کےلئے وقف ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر قیادت حکومت نے نئے ویژن کو اپناتے ہوئے اپنی ترجیحات واضح کر دیں ، وزیراعظم نے روایت شکن طرز عمل اپناتے ہوئے طویل اور غیر ضروری بریفنگز کی بجائے مختصر اور جامع معلومات کے تحت بیورو کریسی پر واضح کر دیا کہ کام کے علاوہ ان کی حکومت کا کوئی اور مقصد نہیں ۔ کام ، کام اور کام کے اصول کے تحت نہ صرف خود بلکہ اپنی ساری کابینہ کو بھی مصروف عمل کر دیا ۔ آزاد کشمیر میں پہلی بار نچلی سطح پر تبدیلی کا احساس ابھرنے لگا ۔

وزراءکو محکمہ جات ملتے ہی آزاد کشمیر بھر میں سرکاری اداروں اور ملازمین کی مصروفیات بڑھ گئیں ، بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں تحریک انصاف آزا دکشمیر نے اپنا راستہ اپنا لیا ، انتخابی منشور پر عملدرآمد شروع ، وقت ضائع کیے بغیر عملی اقدام حکومت کی پہلی ترجیح قرار ۔ وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کابینہ کی تشکیل اور محکمہ جات تفویض کرنے کا عمل انتہائی مہارت ، دوراندیشی اور بصیرت کے ساتھ مکمل کیا جس کے دوررس اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ،

مختلف محکمہ جات کی جانب سے بریفنگز کے اہتمام کا سلسلہ جاری ہے ، وزیراعظم نے بیورو کریسی پر واضح کر دیا ہے کہ انہیں طویل اور غیر ضروری بریفنگز میں نہ الجھایا جائے ، وقت کا ضیاع روکا جائے اور مختصر و جامع معلومات تک محدود رہ کر محکمہ کی کارکردگی اور اہداف بتائے جائیں ۔

وزیراعظم کے دوٹوک موقف کے بعد بیورو کریسی کی جانب سے کاغذی اور فرضی کارروائیوں کا سلسلہ تقریباً رک چکا ہے اور اب صرف وہی چیز وزیراعظم تک پہنچائی جا رہی ہے جو زمینی حقائق کے عین مطابق ہو ، اب تک ہونے والی بریفنگز میں وزیراعظم نے تمام اداروں کی متعلقہ پالیسی ، اہداف اور مختص بجٹ کے تحت حاصل کیے گئے اہداف کی تفصیلات کے حوالے سے سوالات کیے ہیں اور بیورو کریسی پر واضح کیا ہے کہ انہیں کام چاہیے ،

ایسا کام جو زمین پر بھی نظر آئے ۔ زمینی حقائق کے مطابق کارکردگی رپورٹ آزاد کشمیر کے سرکاری اداروں کے لیے نئی سوچ اور نیا کام کے طور پر سامنے آئے ہیں ، وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے مواصلات اور فزیکل پلاننگ و ہاﺅسنگ کے محکمہ جات کو بلڈنگ کوڈز اور تصریحات کے مطابق کام مکمل کروانے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔ مختص بجٹ کا اصراف زمینی کام کے مطابق ثابت کرنا ہو گا اسی طرح آزاد کشمیر میں عوامی شکایات کے ازالہ کے لیے وزیراعظم سٹیزن پورٹل کا اجراءبھی کر دیا گیا ہے جو آزاد کشمیر میں موجودہ حکومت کی سوچ کا عکاس ہے ۔

آزاد کشمیر میں سیاحتی سیزن کو مد نظر رکھتے ہوئے سیاحت پالیسی کے تحت ٹورازم اتھارٹی کو فوری طور پر فعال کرنے کے عملی احکامات جاری کیے گئے ہیں ۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان روزانہ کی بنیاد پر سیاحوں کی آزاد کشمیر میں آمد و رفت کے حوالے سے تفصیلات اور ان کی شکایات کے ازالہ کے لیے کام کر رہے ہیں ۔ آزاد کشمیر میں روزگار کی فراہمی کے لیے نجی شعبہ کو بھی متحرک کیا جا رہا ہے ،

سرکاری اداروں میں خالی آسامیوں پر میرٹ کے تحت بھرتیوں کا اہتمام اور نئی بھرتی پالیسی میں تھرڈ پارٹی ایلوویشن کا نفاذ وزیراعظم سردار تنویر الیاس کے ویژن کا عکاس ہے ۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کی ترقیاتی سکیمیں سیاسی رشوت کی بجائے اب عوامی ضرورت کو مد نظر رکھ کر مرتب کی جا رہی ہیں ، اگر حکومت کی یہ پالیسیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں تو آزاد کشمیر میں نچلی سطح پر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے حوالے سے انقلاب برپا ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے ۔ بہترین ٹیم کے ساتھ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی درست سمت میں پیش قدمی نے آزاد کشمیر متحدہ اپوزیشن کے خواب چکنا چور کر دیئے ہیں ،

محض اقتدار کے حصول کے لیے اکٹھے ہونے والی منتشر اور مختلف الخیال اپوزیشن اب آزاد کشمیر کے اقتدار کو للچائی ہوئی نظروں سے دیکھ رہی ہے ، اپوزیشن کی جانب سے خطہ کے اندر سیاسی عدم استحکام کی کوشش اب دور تک کامیاب ہوتی نظر نہیں آ رہی چنانچہ وفاق میں مخالف حکومت کے زیر اہتمام آزاد کشمیر میں لینٹ آفیسران کے ذریعے نظام حکومت یرغمال بنانے کی سازش تیار کی جا رہی ہے ،

آزاد کشمیر حکومت کی تمام تر توجہ آئندہ بجٹ کی تشکیل اور عوام کے مسائل حل کرنے کی جانب مرکوز ہے ایسے میں متحدہ اپوزیشن میں شامل دو بڑی جماعتیں اپنے اندرونی اختلافات کو چھپانے کے لیے حکومت کے خلاف لفظی تنقید کر رہی ہیں جن کا مقصد اپنے تضادات سے توجہ ہٹانا ہے ۔ حکومت آزاد کشمیر کی سیاسی ٹیم اپوزیشن کے ارادوں ، مقاصد اور ان کے اندرونی معاملات سے بخوبی آگاہ ہے چنانچہ اپوزیشن کو اس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اور وقت کے ساتھ تمام تر توانائیاں گورننس کی بہتری اور تعمیر و ترقی کے عمل کی تکمیل کی طرف مختص کی جا چکی ہیں جس کے باعث عوامی سطح پر سردار تنویر الیاس خان کی زیر قیادت قائم حکومت کے بارے میں مثبت رائے قائم ہو چکی ہے ۔ آزا دکشمیر کے لوگ پہلی بار خطہ کے اندر تبدیلی محسوس کرتے ہوئے بہتری کی امیدیں وابستہ کر رہے ہیں۔

Exit mobile version