Site icon روزنامہ کشمیر لنک

پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، بلاول بھٹو

عمران خان

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ کسی کو بھی پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، پاکستان چینی شہریوں پر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتا ہے، چینی شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے،

پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان چین کے ساتھ دوستانہ اور اسٹرٹیجک تعلقات کو اہمیت دیتا ہے ۔چین کے شہر گوانگژو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے چینی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں پاک چین تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی،

پاک چین سفارتی تعلقات کے 71برس مکمل ہونے پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور چینی ہم منصب نے کیک بھی کاٹا۔چینی ہم منصب وانگ یی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بطور وزیرخارجہ چین کے پہلے دورے پر انتہائی مسرت ہے،

شاندار میزبانی پر چین کا شکر گزار ہوں، پاکستان اور چین کی دوستی وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، جس پر ہم چین کے شکر گزار ہیں، وزیراعظم اور پاکستانی قوم کی جانب سے چین کیلئے نیک خواہشات لایا ہوں،میرا دورہ دو طرفہ تعلقات کے 71ویں سالگرہ کے موقع پر اہمیت کا حامل ہے۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان چینی شہریوں پر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتا ہے، چینی شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے، سی پیک منصوبے پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے، عالمی برادری کو اس معاملے کو سنجیدہ لینا چاہیے

اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اقدامات کرنے سے روکنا چاہیے۔بلاول بھٹو نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان ون چائنا پالیسی پر یقین رکھتا ہے، پاکستان چین دوستی نہ صر ف علاقائی بلکہ عالمی امن کیلئے بھی ضروری ہے ۔

پاکستان چین کے ساتھ دوستانہ اور اسٹرٹیجک تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان ہمسایہ ملک افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہشمند ہے ، افغان مسئلے کو طاقت کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کسی کو بھی پاکستان چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، یقین دلاتے ہیں کہ چینی باشندوں پر حملہ کرنے والوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

Exit mobile version