Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سیاسی کشمکش سے نجات کے لیے فوری الیکشن کا انعقاد کیا جائے:محمد جاوید قصوری

محمد جاوید قصوری

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کو انتشار ، افراتفری ، ہیجانی کیفیت کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ملک میں سیاسی استحکام آئے۔ ملک میں جاری اضطراب سے نجات کے لیے فوری انتخابی اصلاحات اور الیکشن کا انعقاد ضروری ہے۔

مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے پاکستان کی سیاست میں اخلاقی اقدار کی پامالی میں برابر کا کردار ادا کیا ہے ۔پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے جماعت اسلامی جیسی منظم ،ملک گیر با کردار اور محب وطن جماعت کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رور تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انتقامی سیاست کی بجائے ملکی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو، تاکہ عوام کو درپیش سنگین قسم کے مسائل اور معاشی مشکلات سے نکالا جاسکے۔ شہباز حکومت انتقامی سیاسی بغض سے باہر نکل کر ہی عوام کو ریلیف فراہم کرسکتی ہے۔ اگر حکمرانوں نے ماضی کے اوچھے ہتھکنڈے جاری رکھے تو ان کا انجام بھی قریب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر جماعت اسلامی کا موقف ٹھیک تھا ۔پی ڈی ایم کو اقتدار کی کرسی تک پہنچنے کی جلدی تھی مگر آج حالات ان کی گرفت سے بھی باہر ہیں۔عمران خان قوم کے سامنے اپنی چار سالہ کارکردگی پیش کرنے کی بجائے مظلوم بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ قوم کو امپورٹڈ اور سلیکٹڈ نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں قوم کی امیدوں کے ترجمان اور محب وطن قیادت کی ضرورت ہے۔ 75برسوں سے اس قوم نے جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے ظلم و ستم کوبرداشت کیا ہے ۔

Exit mobile version