ماضی کے عظیم بیٹسمین اور سابق کرکٹ کپتان محمد یوسف نے انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں افغانستان کے ہاتھوں پاکستان کی ذلت آمیز شکست کو خطرے کی گھنٹی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کرکٹ کی بہتری کے لیے اچھے لوگوں کو آگے نہیں لایا گیا تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان کرکٹ کا نام صرف کتابوں میں رہ جائے گا۔
واضح رہے کہ ملایئشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں گذشتہ روز کھیلنے جانے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں افغانستان کی ٹیم نے پاکستان کو 186 رنز سے شکست دے کر شاندار فتح حاصل کی، اس ٹورنامنٹ میں افغانستان نے پاکستان کو دوسری بار ہرایا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم ایشیائی سطح پر افغانستان سے ہارتے رہے اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات نہیں کیے گئے تو پھر عالمی سطح پر تو ٹیم کا اللہ ہی حافظ ہے۔
محمد یوسف نے پیشکش کی کہ اگر بورڈ مجھے اس قابل سمجھتا ہے تو میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ کرنے کو تیار ہوں۔
ان کا کہنا تھا، ‘جب راہول ڈریوڈ بھارت کی جونیئر ٹیم سنبھال سکتا ہے تو مجھے بھی کوئی عار نہیں ہے، میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ میں جونیئر ٹیم کا کوچ بننے کے لیے تیار ہوں’۔
محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان میں ثقلین مشتاق جیسا عظیم کھلاڑی اپنی خدمات پیش کررہا ہے، لیکن انہیں نہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لفٹ کرائی اور نہ پاکستان سپر لیگ کی چھ فرنچائزوں نے موقع دیا، دنیا بھر میں آف اسپن کے فن کو زندہ کرنے والے ثقلین مشتاق آج انگلش ٹیم کے لیے کام کررہے ہیں لیکن پاکستان کرکٹ میں انہیں کوئی موقع نہیں دے رہا۔
انہوں نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہے، اگر نوجوان کرکٹرز میں صلاحیت نہیں ہے تو پھر آگے چل کر کرکٹ کو نقصان ہی ہوگا، جونیئر ٹیم سے ہی اچھے کھلاڑی اوپر آتے ہیں۔
Load/Hide Comments