’بجرنگی بھائی جان‘ 2 سال بعد چین پہنچ گئے

بالی وڈ اداکار سلمان خان کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ 2 سال بعد اب چین میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
بالی وڈ کی فلموں کے لیے بھارت کے بعد چین ایک بڑی مارکیٹ بن گئی ہے، اس سے قبل عامر خان کی 4 فلمیں چین میں نمائش کے لیے پیش ہوچکی ہیں۔
مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی ’پی کے‘ نے چین میں 123 کروڑ اور ’دنگل‘ نے 1200 کروڑ کاریکارڈ توڑ بزنس کیا تھا۔
جس کے بعد بالی وڈ اداکار سلمان خان نے بھی اب چین کی مارکیٹ کو متاثر کرنے کی ٹھان لی ہے اور ان کی 2 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ چین میں بھی ریلیز ہونے والی ہے۔
چینی ویب سائٹ کے مطابق سلمان خان کی فلم کو چینی زبان میں ڈب کیا گیا ہے، جو دسمبر میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
فلم ’لٹل لولیٹا مونکی کنگ بجرنگی بھائی جان‘ کے چینی نام سے ریلیز کی جائے گی، فلم میں 19 منٹ کے کٹ بھی لگائے گئے ہیں جس کے بعد چین میں فلم کا دورانیہ 140 منٹ کا ہوگا جو 2 گھنٹے 20 منٹ بنتا ہے۔
یاد رہے کہ فلم کی کہانی ایک بچی کو والدین سے ملانے پر مشتمل ہے جس میں سلمان خان، نواز الدین صدیقی، کرینہ کپور اور ننھی اداکارہ ہرشالی ملہوترا نے مرکزی کردار کیا ہے۔
جولائی 2015 میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے بھارت میں کمائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے تھے اور 320 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں