وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہے اور کوئی چوائس نہیں ہے۔ عام انتخابات اپنے وقت پر اگست 2018ء میں ہی ہوںگے۔ اختلاف رائے ہوسکتا ہے لیکن دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سب متحد ہیں۔ آج پاکستان میں جمہوریت متحرک اور اظہاررائے کی مکمل آزادی ہے۔ سی پیک اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے۔ حکومت نے توانائی کا جو منصوبہ شروع کیا ہے اسے بروقت مکمل کیا جارہا ہے۔ آج پاکستان اضافی بجلی پیدا کرنے کے قابل ہوچکا ہے۔ نیپرا نے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 2 روپے فی یونٹ کمی کردی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پورٹ قاسم پر1320 میگاواٹ کے بن قاسم کول پاور پروجیکٹ کے پہلے فیز کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس منصوبے کا پہلا فیز 660میگاواٹ پر مشتمل ہے جو چین کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔دوسرافیزفروری2018میں مکمل کرلیاجائے گا۔یہ بجلی گھر سی پیک منصوبے کا حصہ ہیں۔ تقریب میںگورنر سندھ محمد زبیر، قطری شہزادے حماد بن جاسم، وزیر مملکت پانی وبجلی عابدشیر علی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پورٹ قاسم پر کول پاور پلانٹ کے پہلے فیز کا افتتاح خوش آئند ہے۔ تقریب میں قطری شہزادے کی شرکت پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پورٹ قاسم پاور پلانٹ منصوبہ پاکستان چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پورٹ قاسم پاور پلانٹ کراچی میں سستی بجلی پیدا کررہا ہے۔ سی پیک کے تحت مکمل ہونے والا یہ پہلا منصوبہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ منصوبہ ماحول دوست ہے۔ جب 2013ء میں ہم نے حکومت سنبھالی تھی ملک میں 16 ،16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، ملک کا معاشی نظام کمزور تھا، مسلم لیگ کی حکومت نے ملک میں سب سے پہلے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن پر توجہ دی۔ ہماری پہلی ترجیحات میں توانائی کے بحران پر قابو پانا بھی تھا اس لیے حکومت نے ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری کے تحت مختلف ذرائع سے توانائی حاصل کرنے کے لیے کئی منصوبے شروع کئے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ 2013ء میں جو منصوبے شروع کئے گئے تھے آج وہ مکمل ہوچکے ہیں۔ سی پیک اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک معاشی ترقی کرے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آج پاکستان اضافی بجلی پیدا کرنے کے قابل ہوچکا ہے اور توانائی کے بحران میں کمی اور حکومت کی تاجردوست پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔ تاپی گیس پائپ لائن کا منصوبہ بھی حقیقت کا روپ دھار رہا ہے، آج ملک معاشی ترقی کی طرف گامزن ہے۔ حکومت ملک میں مزید توانائی کے منصوبے اور ایل این جی ٹرمینل لگا رہی ہے۔ ان منصوبوں سے ملک میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا وژن خوشحال پاکستان ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم جب کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم آج کانفرنس میں شرکت کیلئے روس جائیں گے۔
مقبول خبریں
تازہ ترین
- آرمی چیف جنرل جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس
- آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی کی کال پر شٹرڈائون،پہیہ جام ہڑتال
- دوسرا ٹی 20: پاکستان کی تباہ کن باؤلنگ, زمبابوے کو 10 وکٹوں سے ہرا کر سیریز جیت لی.
- چیئرمین احتساب بیورو مشتاق احمد جنجوعہ عہدے سے مستعفیٰ
- صدارتی آرڈیننس پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کرنے کے لئے مشاورتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments