5 ہزار پولنگ اسٹیشن تاحال غیر محفوظ اور بنیادی سہولیات سے محروم

اسلام آباد: رواں ماہ ہونے والے الیکشن کے سلسلے میں ایک رپورٹ کے مطابق ہزاروں پولنگ اسٹیشن تاحال غیر محفوظ ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن کے سلسلے میں بہترین انتظامات کی ہدایات کے باوجود صوبوں کی جانب سے خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا نہ ہی کمیشن خود اپنے احکامات پر مکمل طور پر عمل کروانے میں کامیاب ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں میں ہزاروں پولنگ اسٹیشن تاحال غیر محفوظ اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ پانی اور بجلی سمیت کئی جگہوں پر چار دیواری بھی نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایسے پولنگ اسٹیشنز کی تعداد تقریباً 5 ہزار ہے۔قبل ازیں الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق چار دیواری کے بغیر سیکڑوں پولنگ اسٹیشنز کو حساس کیٹیگری میں شامل کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں اس طرح کے سب سے زیادہ پولنگ اسٹیشنز کا انکشاف ہوا ہے جہاں 17 ہزار 747 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 3 ہزار 688 پر چاردیواری اور پانی بجلی جیسی سہولیات نہیں ہیں۔
بلوچستان کے 4 ہزار 420 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 576 اسٹیشنز، خیبرپختونخوا کے 12 ہزار 634 میں سے 570 اسٹیشنز اور پنجاب کے 107 پولنگ اسٹیشنز مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے والے پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 4 ہے ۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کو پولنگ اسٹیشنز پر چار دیواری، پانی اور بجلی سمیت دیگر سہولیات کی ہدایات کی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں