ڈی آئی خان: خودکش حملے میں زخمی ہونے والے تحریک انصاف کے صوبائی نشست کے لیے امیدوار اور سابق صوبائی وزیر اکرام اللہ خان گنڈا پور کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او ) کے مطابق تحصیل کلاچی سے صوبائی نشست کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈاپور کی گاڑی پر خودکش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ان سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔ اکرام اللہ گنڈا پور اور دیگر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ اسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اکرام اللہ گنڈا پور کو آپریشن تھیٹر میں طبی امداد دی جارہی ہے تاہم ان کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں پشاور منتقل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اکرام اللہ گنڈاپور اپنے گھر سے نکلے تھے اور کچھ دوری پر ہی تھے کہ ان کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا۔کلاچی دھماکے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ پر حصار بناتے ہوئے وہاں کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔
عینی شاہد کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ پر ایک انسانی سر اور ٹانگیں بھی موجود ہیں۔
Load/Hide Comments