پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ کا مسلسل دوسرے روز نواز شریف کا اڈیالہ جیل میں معائنہ

راولپنڈی: پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے آج اڈیالہ جیل میں نواز شریف کا دوبارہ طبی معائنہ کیا اور ان کے خون اور یورین کے نمونے لے کر لیبارٹری بھجوا دیئے گئے، جہاں سے رپورٹ آنے کے بعد سابق وزیراعظم کی اسپتال منتقلی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔پمز کے ڈاکٹروں کی ٹیم تقریبا ڈھائی گھنٹے تک اڈیالہ جیل میں موجود رہی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو ان کی صحت سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اس سے قبل میڈیکل بورڈ نے سفارش کی تھی کہ اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کومستقل طبی نگرانی کی اشد ضرورت ہے۔واضح رہے کہ پرسوں رات اڈیالہ جیل میں نواز شریف کی طبیعت خراب ہونے پر ڈاکٹر اظہر کیانی اور ڈاکٹر حامد شریف خان نے ان کا طبی معائنہ کیا جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی تاہم سابق وزیراعظم نے جیل میں ہی درکار طبی سہولیات فراہم کرنے پر اصرار کرتے ہوئے اسپتال منتقل ہونے سے انکار کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں