لوڈ ویڈنگ کے ساتھ سب سینما گھروں میں دھاندلی ہورہی ہے، نبیل قریشی

عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ نے فلم بینوں کی توجہ حاصل کرلی ہے لیکن فلم کے ڈائریکٹر نبیل قریشی نے شکوہ کیا ہے کہ سب سینما گھروں میں فلم لوڈ ویڈنگ کے شوز پر دھاندلی کی جارہی ہے۔فلم لوڈ ویڈنگ سماجی مسائل جہیز کے دباؤ پر بننے والی اور پنجابی تڑکے کے ساتھ رومانوی فلم ہے جس میں اداکار فہد مصطفیٰ اور اداکارہ مہوش حیات نے مرکزی کردار نبھایا ہے۔لوڈ ویڈنگ نے فلم بینوں کو بے حد متاثر کیا ہے اور فلم ساز فضا سمیت ہدایت کار نبیل قریشی اور پوری کاسٹ کو قابل ستائش قرار دیا جارہا ہے۔اس برس بڑی عید پر تین بڑی فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں لوڈ ویڈنگ سمیت ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ اور ’پرواز ہے جنون‘ شامل ہے تاہم ان تین فلموں میں لوڈ ویڈنگ نے کہانی کے اعتبار سے سب سے زیادہ داد سمیٹی۔لیکن سینما گھروں میں اس کے شوز بہت کم لگائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے فلم زیادہ بزنس کرنے میں ناکام ہورہی ہے۔ہدایت کار نبیل قریشی نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر سینما شوز شیڈول کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تینوں فلموں کے مقابلے میں لوڈ ویڈینگ کو پورے دن میں صرف ایک شو دیا جارہا ہے۔جس پر نبیل قریشی نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناانصافی کی انتہا ہے۔انہوں نے مداحوں سے ایک اور ٹوئٹ شیئر کی اور بتایا کہ ’سب سینما گھروں میں بہت دھاندلی ہے، یہ ملتا ہے جب آپ کوئی قومی دلچسپی پر مبنی فلم بناتے ہو جو معاشرے سے جڑی ہو جہیز کے خلاف ہو اور رسم و رواج تبدیل کرنے پر بات کر رہی ہو‘۔نبیل قریشی کا کہنا تھا کہ ’فلم اچھی ہے یا بری اس کا فیصلہ شائقین کو کرنے دینا چاہیے لیکن اس طرح کرنا مکمل نا انصافی ہے، اس سے قبل بھی ایسی فلمیں ریلیز ہوئیں جن کے اداکاروں کا نام تک کوئی نہیں جانتا تھا لیکن وہ بھی دیر تک سینما گھروں میں چلتی رہیں تو پھر فلم لوڈ ویڈنگ کے ساتھ ایسا کیوں کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں