حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی انتقال کر گئے

کابل: حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے جب کہ طالبان نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔طالبان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جلال الدین حقانی اب اس دنیا میں نہیں رہے، وہ گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے۔یاد رہے کہ 70 کی دہائی میں جلال الدین حقانی نے مزاحمتی گروپ حقانی نیٹ ورک کی بنیاد رکھی اور سویت یونین کے خلاف جنگ میں وہ گوریلا لیڈر کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آئے۔جلال الدین حقانی نے 2001 میں امریکی قبضے کے بعد طالبان کے ساتھ مل کر جدوجہد کا آغاز کیا، اور ان کے صاحبزادے سراج الدین حقانی اس وقت طالبان کے ڈپٹی کمانڈر ہیں۔امریکا کی جانب سے افغانستان میں نیٹو اور افغان افواج پر حملوں اور کابل سمیت مختلف علاقوں میں شدت پسند واقعات کا الزام حقانی نیٹ ورک پر عائد کیا جاتا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں