‘سی پیک منصوبے کو ‘رول بیک’ کرنے کی کوشش کی تو حکومت کا ہاتھ پکڑیں گے’

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ‘رول بیک’ کرنے کی کوشش کی گئی تو صرف اس کی مخالفت نہیں بلکہ حکومت کا ہاتھ پکڑیں گے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کے شفاف منصوبوں میں سے ایک ہے، جس میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ ترین عہدیداوں نے سنجیدگی سے کام کیا، اس حوالے سے قوم میں بدگمانی پھیلانا قوم کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ چین نے اس وقت پاکستان میں سرمایہ لگایا جب کوئی بھی ملک پاکستان میں 10 روپے کی سرمایہ کاری کرنا نہیں چاہتا تھا، اس منصوبے نے پاکستانی معیشت کو سنبھالا دیا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پر پاک چین دوستی کے جذبے کے تحت خلوص سےکام کیا گیا اور اس منصوبے سے ہزاروں لاکھوں لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے مطالبہ کیا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق الزامات لگانا درست نہیں، سی پیک کی تحقیقات کے لیے آزاد کمیشن بنایا جائے۔احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سی پیک کے معاملے پر عوام کو اعتماد میں لے اور منصوبے کو روکنے سے متعلق بیانات سے قوم کو گمراہ کرنے سے باز رہا جائے۔یاد رہے کہ برطانیہ کے معروف اقتصادی جریدے فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی نئی حکومت چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرِ ثانی پر غور کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں