این آر او کیس میں اثاثوں کی تفصیلات کی طلبی، زرداری کی فیصلے پر نظرثانی درخواست

اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے این آر او کیس میں 10 سالہ اثاثوں کی تفصیلات اور اندرون و بیرون ملک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے 29 اگست کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کردی۔نظرثانی درخواست سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائک نے دائر کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آصف علی زرداری نیب کے کیسز سے پہلے ہی بری ہوچکے ہیں اور اثاثوں سے متعلق ان کی دستاویزات دستیاب نہیں ہیں۔درخواست کے مطابق قانون کے تحت کسی شخص کے ماضی کے اثاثوں کی تفصیلات نہیں مانگی جاسکتیں اور یہ بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔درخواست میں عدالت عظمیٰ سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی گئی ہے۔واضح رہے کہ 29 اگست کو سپریم کورٹ نے این آر او کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی 10 سالہ اثاثوں کی تفصیلات اور اندرون و بیرون ملک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی تھیں۔عدالت عظمیٰ نے اس کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کر رکھی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں