اسحاق ڈار کو یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کی سربراہی سے ہٹانے کا حکم

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے اور پنجاب حکومت کو تین دن کے اندر بورڈ آف گورنرز کا نیا چیئرمین تعینات کرنے کا حکم دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین اسحاق ڈار ملک سے فرار ہیں اور عدالت انہیں اشتہاری قرار دے کر ریڈ وارنٹ جاری کرچکی ہے۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ قواعد کے تحت یو ایچ ایس کے بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ ہر دو سال بعد ہونی چاہیے لیکن 2016سے اب تک کوئی اجلاس نہیں ہوا، بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین کی عدم موجودگی میں بورڈ غیر فعال ہے۔عدالت نے اس معاملے پر وزارت خارجہ سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز سے جواب طلب کر تے ہوئے نوٹس جاری کردیئے۔واضح رہےکہ اسلام آباد کی احتساب عدالت آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دے چکی ہے اور وہ گزشتہ سال سے لندن میں مقیم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں