وزیرخارجہ کی اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل سے ملاقات، مسئلہ کشمیر پر گفتگو

نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریز سے ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھا دیا۔شاہ محمود قریشی اِن دنوں امریکا میں موجود ہیں، جہاں آج رات وہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے پر زور دیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پُر امن حل کشمیریوں کی خواہشات کا عکاس ہونا چاہیے۔انہوں نے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ بھارت سے کہا جائے کہ وہ مہم جوئی سے باز رہے۔واضح رہے کہ وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں بھی مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی تھی۔اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے جموں و کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھی پاکستان کا مؤقف پیش کیا تھا۔وزیر خارجہ نے بتایا تھا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ نے اجلاس کی اہمیت بڑھا دی تھی اور اس رپورٹ نے نیا تجسس اور نئی بحث کو جنم دیا ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کشمیر پر ہمارے سوالات کی ہی توثیق کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں