خورشید شاہ نے ’50 لاکھ گھر اسکیم‘ کو ڈرامہ اور حکومت کی سنگین غلطی قرار دیدیا

سکھر: پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وفاقی حکومت کے 50 لاکھ گھروں کی اسکیم کو ڈرامہ اور سنگین غلطی قرار دے دیا۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ گھروں کی اسکیم ڈرامہ اور سمجھ سے باہر ہے، تین ہزار آمدنی والا شخص 15 لاکھ روپے قرض لینےکے بعد اتارےگا کیسے؟ یہ آشیانہ اسکیم سے سنگین غلطی کرنے جارہےہیں، پی ٹی آئی اور عمران خان کو اس پر سوچنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ابھی تک اپوزیشن اپنا آئینی کردار ادا کررہی ہے، حکومت کے سامنے رکاوٹ نہیں بنیں گے اور کارکردگی دکھانے کاموقع دیں گے۔پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت نے ناکام معاشی پالیسیاں دی ہیں، پی ٹی آئی کی 50 دن کی کارکردگی سب کی سامنے ہے، گیس،کھاد اور بجلی کی قیمتیں بڑھادی گئیں ہیں، ٹیکس بڑھ رہے ہیں، کاروبار ٹھپ اور ڈالر اوپر چلا گیاہے، گالم گلوچ سے ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی، نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر کے ذریعے دباو ڈالا جاتاہے۔خورشید شاہ نے حکومت کو پیشکش کی کہ ملک میں معاشی صورتحال سے عوام خوف زدہ ہیں، معیشت کی بہتری کے لیے مل بیٹھ کر کام کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر اسپیکر ایوان کو یرغمال بناکر چلائیں گے تو پارلیمنٹ کا چلنا بہت مشکل ہے، قانون کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا تو اس کی حیثیت نہیں رہےگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں