جب وزیراعظم نیب سے خفیہ ملاقاتیں کریں تو سیاسی انتقام کا تاثر پیدا ہوتا ہے: بلاول

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کاکہنا ہےکہ جب وزیراعظم اور وزیر نیب کے بڑوں سے خفیہ ملاقاتیں کریں تو سیاسی انتقام کا تاثر پیدا ہوتا ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سانحہ کارساز کی برسی کے موقع پر کارساز پہنچے جہاں انہوں نے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پی پی کے کارکن نے ہمیشہ جمہوریت اور ملک کے لیے قربانی دی ہے، ہم شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے، اداروں کو اپنے کردار میں کام کرنے، غریب کو حقوق دلوانے اور میڈیا کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہمارا لمبا سفر ہے۔سانحہ کارساز کی تفتیش سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان ایسا ملک ہے جہاں دہشتگردی کے بہت واقعات ہوئے ہیں، سانحہ کارساز سے لے کر آج تک نہ صرف ہمارے بلکہ دیگر شہدا کو بھی انصاف نہیں ملا، الیکشن کے دوران بھی دہشت گردی کے واقعات ہوئے، میں نے قومی اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر میں نہ صرف دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا بلکہ اس کے حقائق بھی عوام کے سامنے لانے کا کہا۔نیب کی کارروائیوں سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس سے سیاسی انتقام کا تاثر پیدا ہوتا ہے، جب ملک کے وزیراعظم اور وزیر نیب کے بڑے لوگوں سے خفیہ ملاقاتیں کریں اور وزیراعظم سرعام پریس کانفرنس میں نیب کو دھمکی دیں اور اگلے دن کوئی تبدیلی ہو تو شک پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے رویئے سے نظر آتا ہے یہ تحریک انصاف اب تحریک انتقام کی سیاست کی کوشش کررہے ہیں اور ہم ان کا مقابلہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں