ماسکو/اسلام آباد: دفتر خارجہ نے دنیا کا چکر لگانے کی غرض سے ‘مشن پرواز’ پر نکلے پاکستانی گلوکار، اداکار اور میزبان فخر عالم کا ویزہ ایکسپائر ہونے کی بناء پر انہیں روس کے ایئرپورٹ پر حراست میں لیے جانے کا نوٹس لے کر پاکستانی سفارت خانے کو گلوکار کی مدد کی ہدایت کردی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ‘ہمیں فخر عالم کے پروگرام کا پہلے پتہ نہیں تھا، لیکن معاملے کا پتہ چلتے ہی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور روس میں پاکستانی سفارت خانے کو فخر عالم کی مدد کی ہدایت کردی گئی ہے’۔واضح رہے کہ ٹی وی اداکار فیصل قریشی نے فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں فخر عالم کو حراست میں لیے جانے کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔فیصل قریشی نے لکھا تھا، ‘مجھے فخرعالم کی جانب سے پیغام موصول ہوا ہے اور انہوں نے اسے ٹوئیٹ کرنے کو کہا ہے۔’فیصل قریشی کی جانب سے شیئر کیے گئے فخرعالم کے پیغام کے مطابق، ‘مجھے ویزہ ایکسپائر ہونے کی وجہ سے روس کے یوزنو-ساکھالنسک (Yuzhno-Sakhalinsk) ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا ہے، یہ لوگ مجھے واپس جاپان جانے پر مجبور کر رہے ہیں، میں جاپان نہیں جاسکتا کیونکہ میرے پاس سنگل انٹری ویزہ ہے، میں پاکستانی حکومت سے اپیل کرتا ہوں اور میری روسی حکومت سے درخواست ہے کہ وہ مجھے الاسکا کی جانب اپنا سفر مکمل کرنے دیں۔’فخر عالم نے مدد کی اپیل کرتے ہوئے مزید کہا تھا، ‘میں اپنا مشن پرواز ترک نہیں کرنا چاہتا، مجھے اپنے مشن کو مکمل کرنے کے لیے پاکستان کی سپورٹ کی ضرورت ہے، میں جس کمرے میں ہوں، وہاں نہ کھانا ہے اور نہ ہی پانی۔یہاں وائی فائی بھی نہیں ہے، حتیٰ کہ انہوں نے مجھے 6 گھنٹے سے فون بھی نہیں دیا۔’واضح رہے کہ فخرِ عالم نے 10 اکتوبر کی صبح 7 بجے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر واٹرز سے مشن پرواز کا آغاز کیا تھا۔اس مشن کے تحت وہ دنیا کے مختلف ممالک کے 32 اسٹاپس پر جائیں گے جس کا دورانیہ 28 دن پر محیط ہے۔فخر عالم نے 2015 میں پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا تھا۔ اگر وہ ‘مشن پرواز’ میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ ہوائی جہاز سے دنیا کے گرد چکر لگانے والے سب سے پہلے پاکستانی بن جائیں گے۔
مقبول خبریں
تازہ ترین
- آرمی چیف جنرل جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس
- آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی کی کال پر شٹرڈائون،پہیہ جام ہڑتال
- دوسرا ٹی 20: پاکستان کی تباہ کن باؤلنگ, زمبابوے کو 10 وکٹوں سے ہرا کر سیریز جیت لی.
- چیئرمین احتساب بیورو مشتاق احمد جنجوعہ عہدے سے مستعفیٰ
- صدارتی آرڈیننس پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کرنے کے لئے مشاورتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments