اسلام آباد: حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس میں طے پایا ہے کہ آسیہ مسیح کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی جب کہ تحریک لبیک آسیہ مسیح کیس میں قانونی راستہ اختیار کرے گی۔
حکومت اور تحریک لبیک کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور معاہدہ بھی طے پا گیا ہے، وزارت مذہبی امور اور تحریک لبیک نے معاہدے کی تصدیق کر دی ہے اور دونوں فریقین کے درمیان ہونے والے معاہدے کی کاپی میڈیا کو فراہم کردی گئی ہے۔
معاہدے کی شق نمبر 1 کے مطابق آسیہ مسیح کے مقدمے میں نظرثانی اپیل دائر کردی گئی ہے جو کہ مدعا علیہان کا قانونی حق و اختیار ہے جس پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
شق نمبر 2 میں تحریر ہے کہ آسیہ مسیح کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شق نمبر 3 میں لکھا ہے کہ آسیہ مسیح کی بریت کے خلاف تحریک میں اگر کوئی شہادت ہوئی ہے تو اس کے بارے میں فوری قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
شق 4 کے مطابق آسیہ مسیح کی بریت کے خلاف 30 اکتوبر اور اس کے بعد گرفتار ہونے والے افراد کو فوری رہا کیا جائے گا جب کہ شق 5 میں تحریر ہے کہ مظاہروں اور دھرنوں کے دوران کسی کی دل آزاری یا تکلیف ہوئی ہے تو تحریک لبیک معذرت خوا ہے۔
Load/Hide Comments