پاکستان نے آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ کو بھی وائٹ واش کردیا

دبئی: تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کردیا۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 167 رنز کا ہدف دیا تھا۔کیویز کی جانب سے گلین فلپس اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں فہیم اشرف نے کولن منرو کو بولڈ کردیا۔مہمان ٹیم کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کولن ڈی گرینڈ ہوم تھے جنہیں عثمان خان شنواری نے رن آؤٹ کیا۔96 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ ولیم سن کی گری جو 60 رنز بناکر شاداب کا شکار بنے، شاداب خان کے اسی اوور میں گلین فلپس کو بھی 26 رنز پر پویلین بھیج دیا۔اس کے بعد اگلے ہی اوور میں عماد وسیم نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ان کے اوور میں مارک چیپمین 2 اور سیفرٹ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ٹم ساؤتھی بھی بغیر کھاتا کھولے رن آؤٹ ہوئے اور راس ٹیلر 7 رنز بناکر شاداب کا شکار بنے۔آخری دونوں بلے بازوں کو وقاص مقصود نے آؤٹ کیا، فرگوسن اور سیتھ رینس ایک ایک رنز بناسکے۔نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 17 ویں اوور میں 119 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور گرین شرٹس نے یہ میچ 47 رنز سے جیت کر 3 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم سن 60 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان 3، وقاص مقصود اور عماد وسیم نے 2، 2 جب کہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں شاندار بیٹنگ پر بابر اعظم کو میچ کا بہترین بلے باز جب کہ محمد حفیظ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قبل ازیں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔گرین شرٹس جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا لیکن 29 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 11 رنز بناکر فرگوسن کا شکار بنے جس کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم نے بہترین کھیل پیش کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 94 رنز بنائے۔پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو 79 رنز بناکر گرینڈ ہوم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے اسی اننگز میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا سنگ میل بھی عبور کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں