(کشمیر لنک نیوز) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 19پونچھ و سدھنوتی3میں مورخہ30دسمبر 2018کو ضمنی انتخاب ہو گا۔ یہ نشست ممبر قانون ساز اسمبلی سردار خالد ابراہیم کی وفات سے خالی ہو ئی ہے ۔ ایل اے 19پونچھ و سدھنوتی3کے الیکشن شیڈول کا اعلان سینئر ممبرآزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریانے مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ممبر الیکشن کمیشن سابق SMBRراجہ فاروق احمد نیاز بھی ان کے ہمراہ تھے۔سینئر ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایل اے 19پونچھ و سدھنوتی 3میں پولنگ مورخہ 30-12-2018بروز اتوار کو صبح 8:00بجے سے شام 5:00بجے تک ہوگی۔ڈسٹرکٹ و سیشن جج پونچھ کو بطورڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن جج ہجیرہ کو بطور ریٹرننگ آفیسر جبکہ تحصیلدار راولاکوٹ کو بطور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے ۔ یہ حلقہ تحصیل راولاکوٹ کے پٹوار سرکل پوٹھی مکوالاں، راولاکوٹ، دھمنی، علی سوجل، پکھر، چھوٹا گلہ، دوتھان، سنگولہ، موضع بنجوسہ پٹوارسرکل جنڈالی ، متیال میرہ اور حسین کوٹ پر مشتمل ہے۔اس حلقہ میں عام انتخابات2016کی پولنگ سکیم کے مطابق کل ووٹرز کی تعداد92,427ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد49,455جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد42,972ہے۔حلقہ میں پولنگ اسٹیشنز کی تعداد169اور 232پولنگ بوتھ ہیں ۔سینئر ممبر الیکشن کمیشن نے کہاکہ امیدوار مورخہ 30-11-2018شام 5:00بجے تک اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروا سکتے ہیں۔ کاغذات کی جانچ پڑتال مورخہ 01-12-2018کو صبح 9:00بجے سے دوپہر2:30بجے دن تک ہوگی اور درست کاغذات کے حامل امیدواروں کی فہرست اُسی روز آویزاں کی جائے گی۔مسترد شدہ کاغذات یا درست قرار پانے والے کاغذات کے خلاف چیف الیکشن کمشنر کے پاس ان کے دفتر واقع ہاؤس نمبر1 بالمقابل آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی ، نیو سیکرٹریٹ چھتر مظفرآباد میں مورخہ 05-12-2018 کو 12:30بجے دن سے پہلے اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔ اپیلوں کی سماعت مورخہ 06-12-2018 کو صبح 9:00بجے سے 2:30بجے دن تک ہوگی اور فیصلے مورخہ 07-12-2018 کو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار مورخہ 08-12-2018 کو 2:30بجے دن سے پہلے دستبردار ہو سکیں گے اور اسی روز انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواران کی فہرست آویزاں کی جائے گی اورمورخہ 10-12-2018 صبح 9:00بجے تا 12:30بجے دن تک انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے اور اُسی روز امیدواران کی فہرست مع انتخابی نشانات آویزاں کردی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی متذکرہ نشست پر انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواران کو کاغذات نامزدگی داخل کروانے سے قبل اپنے اثاثہ جات کی مکمل تفصیل اسٹام پیپر پر آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں جمع کروا کر رسید حاصل کرنا ہوگی جو کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواران کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے۔ جس کی پاسداری کرنا تمام امیدواران پر لازم ہوگی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ، ریٹرننگ آفیسر ، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز اور پریذائیڈنگ آفیسرز وغیرہ کی عزت نفس کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔ کسی بھی امیدوار یا اس کے حمائتیوں نے الیکشن عملہ سے بدتمیزی کی تو اس امیدوار کو نااہل قرار دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حلقہ میں پہلے سے جاری ترقیاتی سکیموں کا کام جاری رہے گا جبکہ الیکشن شیڈول کے جاری ہونے کے بعد تا اختتام پولنگ حلقہ میں کوئی نئی ترقیاتی سکیم شروع نہیں کی جائے گی اور متذکرہ حلقہ کے اندر تمام تقرریوں / ترقیابیوں / تبادلہ جات پر مکمل پابندی عائدہوگی۔ ناگزیر حالات میں چیف الیکشن کمشنر کی تحریری رضامندی ضروری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کو پرامن صاف و شفاف بنانے کیلئے انتظامیہ کی مدد سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ تمام سیاسی جماعتوں اور انتخابی امیدواران پر لازم ہے کہ وہ آزادانہ ،منصفانہ و غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد اور امن عامہ کے قیام کی خاطر جملہ انتخابی قوانین ،قواعد ،احکامات اور چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری ہونے والی ہدایات کی پابندی کریں گے۔سیاسی جماعتیں ،امیدواران اور ان کے حامی نظریہ پاکستان ،پاکستان و آزاد کشمیر کی سا لمیت و سلامتی و حاکمیت اعلیٰ ،ملکی و ریاستی عدلیہ یا افواج پاکستان کے خلاف کسی قسم کی ہتک آمیز تحریر و تقریر و اقدام سے پرہیز کریں گے۔اُمیدواران ،ان کے کارکنوں اور حامیوں کی طرف سے بیلٹ پیپرز یا اُن پر کسی سرکاری علامت یا انتخابی عمل سے متعلق کسی بھی کاغذ یا سامان کو خراب یا ضائع کرنے کی کوشش نہیں کی جائے گی۔کوئی بھی امیدواریا سیاسی جماعت یا ان کا کوئی حامی اپنی تحریر و تقریر کے ذریعے نسلی ، لسانی ، علاقائی ،طبقاتی ،گروہی، فرقہ وارانہ، قبیلائی یا جنسی/صنفی تعصبات اورتنگ نظری پر مبنی جذبات و اختلافات کو ہوا دینے کی کوشش نہیں کرے گا اور نہ کسی دوسرے کو ایسا کرنے پر ابھارے گااور نہ ہی پاکستان یاآزاد کشمیر میں کوئی شخص بذات خود یاکسی دوسرے شخص کے ذریعے بعوض مالی مفاد کسی امیدوار یا اس کے حامی کی حمایت حاصل کرے گا۔جس سے حلقہ انتخاب کے نتائج پر اثر انداز ہوا جا سکے۔ سیاسی جماعتیں ،اُمیدواران اور ان کے حمایتی کسی شخص یا گروہ یا جماعت پر کیچڑ اچھالنے کی غرض سے جھوٹے واقعات و بے بنیاد الزامات پر مبنی معلومات کی نشرواشاعت سے سختی سے پرہیز کریں گی۔نیز ایک دوسرے کے بارے میں خلاف تہذیب و آداب معاشرت زبان کے استعمال سے بہر صورت اجتناب برتا جائے گا۔ گاڑیوں پر لاؤڈ سپیکر نصب کرکے کوئی امیدوار اپنے حق میں کسی قسم کی نعرہ بازی نہیں کرائے گا اور نہ ہی کوئی امیدوار اپنے مخالف امیدوار کے خلاف کسی قسم کی ناشائستہ حرکت ، نعرہ بازی کا مرتکب ہوگا۔الیکشن مہم کے دوران ایسی کارنر میٹنگ کی اجازت ہوگی جو کسی گھر یا احاطے کی چاردیواری کے اندر ہوگی۔ اس میں لاؤڈ سپیکر کی اجازت نہ ہوگی ۔البتہ میگا فون استعمال کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہاکہ ہر امیدوار ایک بڑا جلسہ ڈپٹی کمشنر /ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی اجازت سے وقت اور جگہ کے تعین کے بعد منعقد کرنے کا مجاز ہوگا اور اس جلسہ میں لاؤڈ سپیکر استعمال کرنے کی اجازت ہوگی البتہ ہر امیدوار یا اس کے سپورٹرز سے یہ توقع ہے کہ وہ تقاریر کے دوران انتہائی مہذب اور شائستہ زبان استعمال کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی امیدوار بشمول وزیراعظم و سپیکر/ ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی نیز وفاقی وزرا ء الیکشن مہم کے دوران سرکاری وسائل استعمال میں نہیں لائیں گے۔ اگر کسی امیدوار نے انتخابی مہم کے دوران سرکاری وسائل کا استعمال کیا تو اس کو نااہل قرار دے دیا جائے گا اور اگر سرکاری گاڑیاں الیکشن مہم کے دوران استعمال ہوتی ہوئی پائی گئیں تو ان کو ضبط کر لیا جائے گا اور سرکاری وسائل استعمال کرنے والے افسران کو فوری طورپر معطل کردیا جائے گا۔ اسی طرح وزیراعظم یا وُزرا ء /مشیرانِ حکومت و خصوصی معاونین الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد سرکاری گاڑی یا جھنڈا (قومی فلیگ) استعمال کرتے ہوئے الیکشن مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعدکوئی بھی حکومتی سیاسی عہدیدار یا سرکاری افسر کسی ترقیاتی منصوبہ کی منظوری نہیں دے گا، نہ ہی اس کا سنگ بنیاد رکھنے یا افتتاح کی تقریب منعقد کی جائے گی اور نہ ہی ترقیاتی منصوبہ جات کی تشہیر کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران گاڑیوں کا جلوس نکالنے پر پابندی ہوگی تاکہ سڑک یا شاہراہ عام کی بندش سے عوام الناس کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حکومتی امیدواران کو سرکاری پروٹوکول کے ساتھ انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تمام امیدوار اپنے حق میں پینا فلیکس بروشرز/لیف لیٹ چھپوا سکتے ہیں جس میں وہ اپنے منشور اور مجوزہ عوامی خدمت کے نکات درج کر سکتے ہیں البتہ کسی فریق مخالف کے خلاف نازیبا کلمات کی ممانعت ہوگی ۔پینا فلیکس کا سائز 24انچ 12x انچ ہو گا۔لیف لیٹ/بروشر کا سائز9 انچ6xانچ ہوگا۔تمام سیاسی جماعتیں، امیدواران اور اُن کے حمائیتی ہر ممکن کوشش کریں گے کہ پینا فلیکس اور بروشرز/ لیف لیٹس پرمقدس کلمات (آیات قرآنی و احادیث مبارکہ) درج نہ ہوں تاکہ اُن کی بے حرمتی کا احتمال نہ رہے۔کسی بھی اُمیدوار کی اپنی ملکیتی یا کرایہ پر حاصل کردہ گاڑیوں یا سیاسی جماعت کے کارکنان کی گاڑیوں، سیاسی جماعت کے دفتر اور ذاتی گھرپر جماعتی جھنڈا لگایا / لہرایا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی دوسرے شخص کے گھر ، سرکاری عمارات ، پُلوں اور کھمبوں پر سیاسی جماعت کا جھنڈا نہیں لگایا جائے گا۔وال چاکنگ پر مکمل پابندی ہوگی ۔الیکشن مہم کے دوران ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی۔
مقبول خبریں
تازہ ترین
- آرمی چیف جنرل جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس
- آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی کی کال پر شٹرڈائون،پہیہ جام ہڑتال
- دوسرا ٹی 20: پاکستان کی تباہ کن باؤلنگ, زمبابوے کو 10 وکٹوں سے ہرا کر سیریز جیت لی.
- چیئرمین احتساب بیورو مشتاق احمد جنجوعہ عہدے سے مستعفیٰ
- صدارتی آرڈیننس پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کرنے کے لئے مشاورتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments