مقبوضہ کشمیر میں تازہ برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا

سری نگر(کشمیر لنک نیوز) مقبوضہ کشمیر میں تازہ برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ کئی رابطہ سڑکیں بھی بند ہو گئی ہیں۔بدھ کو جواہر ٹنل کے آس پاس سال نو کی پہلی برفباری کے بعد سرینگر۔جموں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کی گئی۔ جواہر ٹنل کے دونوں جانب علی الصبح برفباری کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت روک دی گئی کیونکہ شاہراہ پر پھسلن سے حادثات کا خطرہ لاحق تھا۔محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے درمیانہ درجے کی بارش یا برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق موسم کی خرابی کا سلسلہ5جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے جس سے زمینی و فضائی ٹریفک میں خلل پڑ سکتا ہے۔شمالی کشمیر میں بدھ کوبھاری برفباری کے بعدبانڈی پورہ۔گریزروڑ کو ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے بند کیا گیا۔حکام نے کہا کہ گریز، تراگہ بل اور رازدان پاس پر بھاری برفباری ہورہی ہے جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی نقل و حمل ممکن نہیں تھی اس لئے مذکورہ روڑ کو بند کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ روڑ اور اس کے آس پاس علاقے میں 7انچ سے ایک فٹ تک برف جمع ہوئی تھی۔حکام نے بانڈی پورہ۔سمبل روڑ پر بھی برفباری کے بعد گاڑیوں کی نقل و حمل روکے رکھی ہے۔ڈی سی بانڈی پورہ، شاہد اقبال نے بانڈی پورہ ۔سمبل روڑ کو مسلسل برفباری کے نتیجے میں بند کئے جانے کی تصدیق کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں