کشمیری قوم ثابت قدم اور یکسو ہو تو غلامی کے منحوس بادل بہت جلد چھٹ جائیں گے،
عوام بہتری اور روشن مستقبل کے لیے یکسو اور یکجا ہوجائیں اس کے بغیر کوئی چارۂ کار نہیں ۔سری نگرکل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی نے کشمیری عوام کی طرف سے نام نہاد لوک سبھا انتخابات کے بائیکاٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میںسید علی گیلانی نے انتخابات کے اگلے مرحلے کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات ایک وسیع فوجی مشق کے سوا کچھ نہیں۔ اس نام نہاد جمہوری عمل اور ایک وسیع فوجی مشق میں شامل ہونا یہاں کے کسی بھی ذی حس اور ذی شعور انسان کو زیب نہیں دیتا۔ آگ وآہن کی ہولی ہو، جوانوں کے لاشے ہوں، ظلم وبربریت کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہو، جیلوں اور عقوبت خانوں میں ہمارے جوانوں کو سڑایا جارہا ہو، مذہبی اور آزادی پسندوں پر پابندی ہو، فوج اور تحقیقاتی اداروں کی من مانیاں ہوں تو عوام کس جوش اور کس جذبے سے کسی کے سیاسی محل تعمیر کرنے کے عمل میں شرکت کے لیے خود کو منوا سکتا ہو؟ قوم ثابت قدم اور یکسو ہو تو غلامی کے منحوس بادل بہت جلد چھٹ جائیں گے، لیکن اگر ہماری اس غلامی کی سیاہ رات کی سحر نہیں ہوپارہی ہے تو وہ صرف ہماری ہی کمزوریوں کی وجہ سے ہے۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ اپنی آنے والی نسلوں کی بہتری اور روشن مستقبل کے لیے یکسو اور یکجا ہوجائیں۔ اس کے بغیر کوئی چارۂ کار نہیں ۔
Load/Hide Comments