دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام آج یوم الحاق پاکستان منارہی ہے

یہ دن منانے کا مقصد حق خودارادیت کے حصول اور پوری ریاست کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے ۔انیس جولائی 1947 کو سری نگر میں آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کیلئے ایک قرارداد منظور کی گئی تھی ۔پوری ریاست کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے نظریے کے استحکام اور فروغ کے جذبے کے ساتھ اس دن کو پوری ریاست میں سیمینار ، ریلیاں اور تقریبات منعقد ہوئیں ۔اس دن کی مرکزی تقریب جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام میونسپل کارپوریشن میں ہوئی۔وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو یہ دن قومی جوش وجذبے سے منانے کی ہدایت کی تھی تاکہ عالمی برادری کو یہ واضح پیغام جائے کہ پورے کشمیر کے الحاق کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔اس موقع پر اپنے پیغامات میں صدر سردار مسعود خان اور وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدرخان نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے ان دشمنوں کے خلاف متحد ہوجائیںگے جو پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے میں لگے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے پاکستان کو اپنی آخری منزل کے طورپر منتخب کیا ہے اور وہ گزشتہ ستر سال سے بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں