مظفر آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پہلے مجھے اقوام متحدہ جانے دیں، پھر بتاوں گا لائن آف کنٹرول کب جانا ہے، دنیا بھر میں کشمیریوں پر ظلم کیخلاف آوازیں بلند ہو رہی ہیں، کشمیر اب ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے، مودی جتنا مرضی ظلم کرلے کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا،بزدل انسان ہی عورتوں اور بچوں پر ظلم کرتا ہے جو آج نریندر مودی اور اس کی جماعت آر ایس ایس کشمیر میں کر رہی ہے، آر ایس ایس میں مسلمانوں کے خلاف نفرت بھری ہوئی ہے، بھارت صرف ہندوئوں کے لیے ہے اور یہاں کسی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے،دنیا ہندوستان کے ہٹلر کو روکے، کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کا ردعمل آئیگا، مظلوم کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے،مودی نے کوئی حرکت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں کشمیریوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے دنیا میں کشمیریوں کا سفیر بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ دنیا بھر میں کشمیریوں کا سفیر بن کر جائوں گا اور آر ایس ایس کی سوچ سے آگاہ کرونگا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گزشتہ چالیس روز سے مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بچوں، بوڑھوں، جوانوں اور خواتین کو گھروں میں قید کرکے رکھ دیا گیا ہے لیکن ان مظالم کے باوجود کشمیریوں میں موت کا ڈر ختم ہو چکا ہے۔انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مودی! تم کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکتے۔ صرف بزدل آدمی ایسا ظلم کرتا ہے جیسا کشمیر میں ہو رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایک دلیر انسان کبھی عورتوں اور بچوں پر یہ ظلم نہیں کرسکتا، جو نریندر مودی اور اس کی جماعت آر ایس ایس مقبوضہ وادی میں کررہی ہے۔تم جتنا مرضی ظلم کرلو تم کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ میں مودی اور بھارت کو کہنا چاہتا ہوں کہ میں ساری دنیا میں کشمیر کا سفیر بن کر جائوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بچپن سے ہندو انتہا پسند جماعت آر ایس ایس کا ممبر ہے، جس کے اندر مسلمانوں کیخلاف نفرت بھری ہوئی ہے۔ آر ایس ایس کے بانی ہٹلر کو اپنا رول ماڈل مانتے ہیں۔وزیراعظم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ سلامتی کونسل میں50سال بعد کشمیر ایشو پر بات ہوئی۔ یورپی یونین نے پہلی بار کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔58ملکوں نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔ او آئی سی نے بھی کہا کہ بھارت کرفیو اٹھائے جبکہ امریکی سینیٹرز نے صدر ٹرمپ کو خط لکھا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کے حل میں مداخلت کرے۔عمران خان نے کہا کہ ظلم جب انتہا کو پہنچ جاتا ہے تو انسان فیصلہ کرتا ہے کہ ذلت کی زندگی سے موت اچھی، مودی نے کوئی حرکت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ یہ قوم آخری دم تک تمھارا مقابلہ کرے گی۔ مودی سن لو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کا جہاز گرایا،پائلٹ واپس بھجوانے پر مودی نے کہا دیکھو پاکستان ڈرگیا ہے، مودی کان کھول کر سن لو ایمان والا موت سے نہیں ڈرتا، بھارت کاپائلٹ ڈر کر نہیں امن کے لیے واپس کیا۔انہوں نے کہا کہ میں عالمی دنیا کو کہنا چاہتا ہوں کہ بھارت کے ہٹلر کو روکے۔ جو یہ کشمیر میں کر رہے ہیں اس کا ردعمل آئے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ نوجوان لائن آف کنٹرول کی جانب جانا چاہتے ہیں لیکن نوجوانوں کو میں بتائوں گا کہ کب جانا ہے، جب تک میں آپ کو نہ کہوں ایل او سی کی طرف نہیں جانا۔وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے پر ہر پلیٹ فارم کو استعمال کریں گے اور بین الاقوامی میڈیا پر اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔ کشمیر کا سفیر بن کر پوری دنیا میں جائوں گا اور مودی کو بے نقاب کروں گا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی وجہ سے انتہا پسندی اٹھے گی کیونکہ ظلم جب انتہا پر پہنچ جاتا ہے تو انسان فیصلہ کرتا ہے ذلت کی زندگی سے موت اچھی ہے۔عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے 20 کروڑ مسلمانوں کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ ہندوستان صرف ہندوئوں کے لیے ہے جس کے بعد لوگ ہندوستان کے خلاف کھڑے ہوں گے اور انتہا پسندی بڑھے گی کیونکہ آر ایس ایس کے غنڈے جس مسلمان کو چاہتے ہیں قتل کر دیتے ہیں اور کوئی عدالت ملزم کو سزا نہیں دیتی،انہوں نے کہا کہ 100سال پہلے بننے والی جماعت کے 2مقاصد تھے کہ بھارت صرف ہندوں کے لیے ہے، باقی مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر اقلیتوں کو برابر شہری نہیں سمھجتے تھے۔عمران خان نے کہا کہ آر ایس ایس کے دلوں میں مسلمانوں کے لیے نفرت بھری ہوئی ہے کہ اگر مسلمانوں نے یہاں حکومت نہ کی ہوتی تو ہندو قوم نجانے کتنی بڑی سپر پاور ہوتی، ان خیالات کی وجہ سے آر ایس ایس ہمیشہ سے مسلمانوں کے خلاف تھی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کی وجہ سے پلوامہ واقعہ پیش آیا تھا لیکن نریندر مودی نے اپنی غلطی چھپانے کے لیے پاکستان پر الزام عائد کر دیا۔ نریندر مودی کان کھول کر سن لے ایمان والا آدمی موت سے نہیں ڈرتا۔ پائلٹ اس لیے واپس نہیں کیا کہ ہم ڈر گئے تھے بلکہ ہم امن چاہتے ہیں۔مظفر آباد جلسے میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان ، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر بریسٹر سلطان محمود چوہدری اور سابق کپتان شاہد آفریدی بھی شریک ہوئے ۔
مقبول خبریں
تازہ ترین
- آرمی چیف جنرل جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس
- آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی کی کال پر شٹرڈائون،پہیہ جام ہڑتال
- دوسرا ٹی 20: پاکستان کی تباہ کن باؤلنگ, زمبابوے کو 10 وکٹوں سے ہرا کر سیریز جیت لی.
- چیئرمین احتساب بیورو مشتاق احمد جنجوعہ عہدے سے مستعفیٰ
- صدارتی آرڈیننس پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کرنے کے لئے مشاورتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments