عمران خان بتائیں ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کہاں ہیں،فاروق حیدر

وزیراعظم وصدرمسلم لیگ ن آزادجموں وکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ پاکستان میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے ایک کروڑ نوکریوں اور ایک لاکھ گھربنانے کے وعدے کہاں گئے ‘ لوگ پوچھتے ہیں ۔

لاکھوں لوگ نوکریوں سے محروم ہوگئے ، ہزاروں مکانات گرا دیے گئے ، پہلے کہتے تھے کہ 30دن پھر60دن پھر90دن میںکرپشن ختم کریں گے اور اب کہتے ہیں اگلے الیکشن میں انتخابات کے بعد ملک کو ٹھیک کریں گے ۔ 2018میں آٹا،دال، چاول، چینی ،گھی سمیت ضروری اشیائے خوردونوش کا ریٹ پتہ کر لیں اور آج آپ کے ریٹ پتہ کر لیں انداہ ہو جائے گا کہ کیا تبدیلی آئی ہے ، اب تو آٹا پر بھی ٹیکس لگ گیاہے اور عام آدمی آٹا سے بھی محروم ہورہا ہے ۔ پیٹرول اور ڈیزل پر مزید ٹیکس لگایا جارہا ہے جس دن لگ گیا اس کے بعد لوگ بھوکے مریں گے اور اشیائے ضروریہ عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوجائیں گی۔

یہ تبدیلی عوام کے گلے پڑ گئی ہے ، آزادکشمیرکے لوگ جانتے ہیں کہ اس تبدیلی کو ووٹ دینے کا نتیجہ کیا ہوگا۔ آزادکشمیرمیں ہم نے مالی خودمختاری حاصل کی جس سے لوگ خوشحال ہوئے ، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں وقت پر ملیں ۔ تحریک انصاف میں آئی تو پاکستان سے بد تر حال آزادکشمیر کا ہوگا۔ خدا وہ دن نہ لائے کہ وہ آزادکشمیرمیں آئیں۔ اب تو صورتحال یہ ہے کہ 50ہزار آمدنی والے شخص کا بھی برا حال ہے وہ بھی اپنے خرچے نہیں پورے کررہا۔

غریب اور مزدور کیسے گزارہ کریں گے؟ گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ دینے کا کیا فائدہ ، غریبوں کو دووقت کی کھانے کی روٹی میسر نہیں۔ نوکریاں تو یہ اب دے ہی نہیں سکتے صرف عوام کو مفلوق الحال ہی بنائیں گے ۔ گلگت بلتستان کے لوگوں سے بھی انہوں نے جھوٹے وعدے کیے یہاں بھی جھوٹے وعدے کرنے آرہے ہیں ، آزادکشمیرکے لوگ انہیں مسترد کریں گے ۔ انشاء اللہ پوری قوت سے انتخابی مہم چلائیں گے۔اللہ ہی فتح و شکست دیتا ہے ، اللہ نے چاہا تو بھاری اکثریت سے جیت کر دوبارہ حکومت بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنان مسلم لیگ ن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدرمسلم لیگ ن نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت کا مقابلہ کسی بھی حکومت سے کر لیں ، ہم نے الحمداللہ سب سے بہتر کارکردگی دکھائی ہے اور اللہ کے فضل وکرم سے کام کرکے دکھایا ہے اور تمام شعبہ جات میںبہتری لائی ہے ، ایسی پرفارمنس کسی اور حکومت نہیں دکھائی، یہاں پر بڑے بڑے نامی گرامی لوگ رہے لیکن جو کام اللہ نے ہم سے لیے ان کے نصیب میں نہیں آسکے ۔ ہم نے آزادکشمیر کو ایک بہتر آزادکشمیر بنا کر دکھایا ہے ، آزادکشمیر کے لوگوں کی عزت و آبر و کا سودانہ پہلے کیا نہ اب کریں گے۔

ہم نے تیرہویں آئینی ترمیم سے آزاد کشمیر کو خوشحال بنایا ، مالیاتی ڈسپلن قائم کیا ، آج آزادکشمیر کے ہر کونے میں پختہ سڑکیں اور ن لیگ کے دور کے ترقیاتی منصوبے زمین پر نظرآرہے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک انصاف نے پاکستان کے انتخابات میں جو وعدے کیے اور انکا جو حال ہوا وہ پاکستانی عوام آج بھگت رہے ہیں، اب اگر ان کوووٹ دیے گئے تو اس سے بھی حال آزادکشمیرکا ہونا ہے ۔

آزادکشمیر چھوٹا سے علاقہ ہے یہاں اگر لوگوں کو مفلوق الحال بنانا ہے تو پھر لوگ ان کی طرف جائیں گے ۔ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ، غریب بے حال ہو کر رہ گیا۔ یہ کس منشور کے تحت لوگوں سے ووٹ مانگیں گے ، ان لوگوں کے پاس کوئی منشور ہی نہیں۔ آزادکشمیر میں ہم نے پہلے ہی سرکاری نوکریوں کیلئے این ٹی ایس کا نفاذ کر دیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں