آزاد کشمیر کے ضلع پلندری کے علاقے بلوچ میں مسافر بس کو اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق کم از کم 23 افراد مارے گئے ہیں۔ مرنے والوں میں کم از کم 6 خواتین اور کئی بچے بھی شامل ہیں-
ڈپٹی کمشنر پلندری کے مطابق راولاکوٹ کے قریب مسافر بس کھائی میں جاگری ، حادثے میں 23 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں، حادثے کی اطلاع ملنے پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا اور حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
نامہ نگار انجمن شاہین چودھری کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ تمام زخمیوں کو کوٹلی ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔حادثہ منجیاڑی کےمقام پر پیش آیا۔ بلوچ میں قیامت خیز منظر، مقامی ہسپتال لاشوں سے بھر گیا۔لوگ اپنے پیاروں کی لاشوں کی تلاش کر رہے ہیں۔کوٹلی ہسپتال میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے تصدیق کی کہ اس وقت تحصیل اسپتال بلوچ میں 18 افراد کی لاشیں موجود ہیں جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے، جس کے باعث خدشہ ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی جانے والی بس پلندری کے علاقے منجیاڑی مقام پر بریک فیل ہونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا اور بس تقریباً 200 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ پولیس کے مطابق مرنے والوں کی لاشیں مقامی رورل ہیلتھ سینٹر لائی گئی جبکہ زحمیوں کو کوٹلی اور دوسرے مقامی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ ۔ پولیس اور انتظامیہ نے مقامی افراد کی مدد سے ریسکیو کا عمل مکمل کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک ویران علاقہ ہے یہاں موبائل سروس کا بھی کافی مسئلہ ہے ۔اسی وجہ سے اطلاعات بروقت نہیں پہنچ رہیں۔
حادثے کے 8 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال کوٹلی منتقل کیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹرز انہیں طبی امداد دے رہے ہیں۔ نامہ نگار سردار امناز کے مطابق ان میں سے چار زخمیوں کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر عبد القیوم نیازی نے بلوچ ٹریفک حادثےپر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک حادثے میں جانی نقصان کا سن کردل دکھی ہے۔
بلوچ ٹریفک حادثے میں جانی نقصان کا سن کر دل رنجیدہ ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہوں، انتظامیہ کو امدادی کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
— Sardar Abdul Qayyum Niazi (@AQayyumNiaziPTI) November 3, 2021
وزیراعظم آزاد کشمیر عبد القیوم نیازی نے زخمیوں کی جلدصحت یابی کیلئےدعا کرتے ہوئے انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔