Site icon روزنامہ کشمیر لنک

خصوصی افراد کی فلاح و بہبود پر توجہ دیں گے:عبدالقیوم نیازی

خصوصی افراد کی فلاح و بہبود پر توجہ دیں گے:عبدالقیوم نیازی

وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دیں گے۔ وہی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے جس میں خصوصی افراد کو معاشرے کے دیگر عناصر کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا موقع ملتا ہے۔

جموں کشمیر ہائوس میں بصارت سے محروم افراد کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا کہ تحریک انصاف کی حکومت ان کی بہبودی کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کرے گی۔ وزیراعظم وفد سے بڑی شفقت سے پیش آئے اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمتوں میں خصوصی افراد کا جو کوٹہ موجود ہے اس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملازمتوں پر موجود خصوصی افراد کو وہ تمام رعاتیں حاصل رہیں گی جو ان کی آسانی کیلئے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد انتہائی ٹیلنٹڈ ہوتے ہیں اور ملکی ترقی میں ان کا بڑا حصہ ہے۔ وزیراعظم خاصی دیر وفد کے ساتھ رہے فرداً فرداً ان کے مسائل کو سنا اور یقین دلایا کہ وزیراعظم ہاوس کے دورازے ان کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔

وفد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ان کی درازی عمر اور کامیابی کیلئے دعا کی۔ دریں اثناء وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے دہشت گردی کے حملے میں پاک فوج کے 2 جوانوں کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کی پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نائیک رحمن شہید اور لانس نائیک عارف شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔

Exit mobile version