Site icon روزنامہ کشمیر لنک

خود ایل او سی پر رہتا ہوں،وہاں رہنےوالوں کےمسائل سےآگاہ ہوں

ایل او سی

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ ایل او سی پر واقع تمام حلقوں کے مسائل کو جانتا ہوں۔

لائن آف کنٹرول پر بسنے والے بہادر اور جرات مند لوگ ہیں جو آئے روز بھارت کی جانب سے بربریت و اشتعال انگیزی کا دیدہ دلیری سے مقابلہ کرتے ہیں، ایل او سی پر واقع تمام حلقوں کے مسائل کو جانتا ہوں ۔ ایل او سی کے ملحقہ حلقوں میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی بنیادی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر مہیا کریں گے ۔

اس حوالے سے ایل او سی پیکیج پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ایل او سی پر بسنے والوں کی محرومیاں دور کریں گے۔ پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کی قربانیاں بھی نہیں بھولیں گے جنھوں نے کشمیریوں کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کیں ۔

ایل او سی پر کھڑے ہو کر مقبوضہ کشمیر کی بہنوں اور بھائیوں کو پیغام دیتا ہوں کہ آپ تنہا نہیں۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک پوری قوت کے ساتھ آپ کی آزادی کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ افغانستان میں دو عالمی طاقتوں کی ناکامی کے بعد بھارت بھی مقبوضہ کشمیر سے بھاگنے کا سوچ رہا ہے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جرات اور دلیری کے ساتھ مودی کا فاشسٹ چہرہ دنیا میں بے نقاب کیا ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے نہ صرف وکیل اور سفیر ہیں بلکہ انہوں نے پورے آزاد کشمیر کیلئے ہیلتھ کارڈ کی سہولت فراہم کر کے کشمیریوں کے محسن ہونے کا ثبوت دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے درہ شیر خان اور بٹل کے مقام پر الگ الگ بی ایچ یو کے افتتاحی پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کا درہ شیر خان اور بٹل پہنچنے پر اہلیان علاقہ کی جانب سے ڈھول کی تھاپ اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے پر تپاک استقبال کیا گیا۔

Exit mobile version