Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سرکاری خزانے کی ایک ایک پائی عوام پر خرچ کریں گے: وزیراعظم

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ سرکاری خزانے کی ایک ایک پائی عوام پر خرچ کریں گے

عوام کی خدمت حکومت کا مشن ہے ۔ جس کیلئے سولہ 16 گھنٹے کام کرتا ہوں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی کے عمل کو تیز کریں گے ۔ متوسط اور غریب طبقے کو اٹھا کر اوپر لائیں گے ۔ کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دوں گا شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر فائزر ریسکیو وہیکلز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر فائزر ریسکیو وہیکلز کی چابیاں بھی ذمہ داران کے حوالے کیں اور گاڑیوں ودیگر ریسکیو کے آلات کا معائنہ بھی کیا۔ تقریب سے سابق امیدوار اسمبلی سردار ارزش، سیکرٹری ایس ڈی ایم اے شاہد ایوب ، کمشنر پونچھ ڈویژن عنصر یعقوب نے بھی خطاب کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ حکومت اور حکومتی مشینری عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ تمام محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی ہے ایل او سی پر جا کر عوامی مسائل سنیں اور لوگوں کے مسائل حل کریں۔ عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایل او سی کے نزدیک رہنے والے لوگوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائیگا۔ ایل او سی کے نزدیک رہنے والے افراد خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ان کو سہولیات دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ دریں اثنا ء وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ اقتدار عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ملا ہے۔ ایک ایک لمحہ اور سرکاری خزانے کی ایک ایک پائی عوام کی تعمیر و ترقی اور ریاست کی خوشحالی پر خرچ کریں گے۔

ماضی کے حکمرانوں کی طرح اپنا پیٹ نہیں بھریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت آزاد کشمیر کے تمام انتخابی وعدوں کو پورا کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عباسپور میں پوسٹ گریجویٹ کالج فار بوائز ، پوسٹ گریجویٹ فار گرلز اور ایڈیشنل سیشن عدالت کے افتتاحی پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیرہائیرایجوکیشن ملک ظفرا قبال بھی تقریب سے خطاب کیا۔ وز وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے عباسپور میں گرڈ اسٹیشن، ڈی ایس پی آفس اور فائر بریگیڈ یونٹ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عباسپور میں گزشتہ دس سالوں کے دوران عوامی فلاح و بہبود کا کوئی بڑا منصوبہ شروع نہ ہو سکا۔ عباسپور کی محرومیاں ختم کروں گا، 25 جولائی کو عباسپور والوں نے ووٹ کی پرچی سے اپنا حق ادا کیا

، اب میرا فرض ہے کہ اس کا قرض اتاروں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہماری بچیاں گریجویشن کیلئے مظفرآباد یا اسلام آباد جاتی تھیں ، لیکن اب وہ بچیاں یہاں اپنے شہر میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گی۔

Exit mobile version