Site icon روزنامہ کشمیر لنک

اسمبلی سیشن:چیئرمین سی بی آرکی تعیناتی کےمعاملےپربحث کی منظوری

چیئرمین

چیف سیکرٹری آزادکشمیر کی بحیثیت چیئرمین سی بی آر آزادکشمیر تعیناتی اپوزیشن کی تحریک التوا پر منگل کو بحث ہوگی۔

جمعہ کے روز منعقد ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن رکن قاسم مجید کی پیش کردہ تحریک التوا ایجنڈے کا حصہ تھی جس پر حکومتی ممبران کی اکثریت نے چیف سیکرٹری کے چیئرمین سی بی آر بنائے جانے کی مخالفت کی اور اس معاملے میں پیش کردہ تحریک کی حمایت کی۔ سپیکر نے اکثریت کی رائے کو مد نظر رکھتے ہوئے تحریک التوا پر منگل کے روز بحث رکھ لی۔ وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے52ارب کے فنڈز سیلاب کی وجہ سے سندھ اور پنجاب منتقل ہو گئے تھے جن کو واپس نہیں لایا گیااور زلزلہ کے بعد بحالی کے کاموں میں مشکلات آئیں ۔

زلزلہ2005کے بعد زیر تعمیر انفراسٹرکچر کو مکمل کرنے اور بقایا جات کی ادائیگی کیلئے میںوزیراعظم پاکستان عمران خان کو 12ارب روپے دینے کی درخواست کی تھی جو انہوں نے منظور کر لی ہے ۔ ایرانے اس سال فنڈختم کر دیا تھا ،جس کی وجہ سے کام مکمل ہونے کے بعد بہت ساری جگہوں پر رقم کی ادائیگی باقی تھی جس پر وزیراعظم پاکستان کو درخواست کی گئی۔ اس رقم سے بقایا جات کی ادائیگی ہوگی اور زیر تعمیر انفراسٹرکچر کو مکمل کیا جائیگا۔ وزیراعظم آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کررہے تھے۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینئر م وزیر سردارتنویر الیاس خان نے کہاکہ مستقبل کو مدنظر رکھنا ہو گا اور اربنائزیشن کے دوران مستقبل کے چیلنجز پر نظر رکھنا ہوگی تاکہ آنے والی نسلیں ہمیں اچھے الفاظ میں یاد کریں ، زلزلہ 2005کے بعد مظفرآباد شہر میں عمارتوں کی حالت بہتر ہوئی ، ماضی میں میرپور اور مظفرآبادسمیت دیگر شہروں کی اربنائزیشن بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ماحولیاتی و دیگر مسائل جنم لے رہے ہیں۔ شہروں میں تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشنز میں دشواری ہو تی ہے ۔ مظفرآباد شہر میں پانی کا مسئلہ ہے یہاں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نہ ہونے کی وجہ سے سیوریج کا پانی دریا میں جاتا ہے۔

ہمیں سوچنا ہوگا کہ آئندہ سو سالدوسو سال بعد اربنائزیشن کی کیا صورتحال ہوگی ۔ کوٹلی میں بھی پانی کا مسئلہ ہے ۔ ممبر اسمبلی چوہدری یاسر سلطان نے کہاکہ اہلیان میرپور کا شکرگزار ہوں جنہوں نے بہت بھاری لیڈ سے مجھے ایوان تک پہنچایا ۔ میرپور کے مسائل کو حل کروانے کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کروں گا۔ میرپور کے لوگوں نے منگلا ڈیم کیلئے دو بار قربانی دی ۔

آزادکشمیر کے وزیر تعمیر ات عامہ چوہدری اظہرصادق نے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں ڈڈیال میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی کنول مطلوب کے واقعہ کو انتہائی اند وہناک قرار دیتے ہوئے ایوان کی توجہ اس واقعہ کی جانب مبذول کروائی۔ انہو ں نے حکومت اورایوان کی جانب سے متاثرہ خاندان کے ساتھ بھرپور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی تک بھرپور قانونی و مالی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ جمعہ کے روز آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر تعمیرات عامہ نے کہاکہ میں اس ایوان کے توسط سے متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں ۔ حکومت متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کریگی ۔ متاثرہ خاندان کو بھرپور قانونی معاونت فراہم کریں گے ۔

کنول مطلوب کے قاتل کو پولیس انتظامیہ و دیگر اداروں نے25روز میں گرفتار کیا ہے۔ وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری اظہر صادق نے کہاکہ جن لوگوں نے ڈڈیال واقعہ پرآواز اٹھائی اور متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے گئے ان کے شکرگزار ہیں۔ قاتل کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے متاثرہ خاندان کی بھرپور قانونی معاونت کریں گے ۔

Exit mobile version