ویلنگٹن: نیوزی لینڈ میں خاتون اینکر نے چہرے پر قبائلی ٹیٹو بنوا کر خبریں پڑھنے کا نیا طریقہ متعارف کرا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیوزی لینڈ کی خاتون اینکر نے براہ راست خبریں پڑھنے کے لیے چہرے پر اپنے قبیلے کا روایتی ٹیٹو بنوا لیا اور خبریں پڑھ کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ 37 سالہ اورینی کائیپارہ نے خبریں پڑھنے کے لیے اپنی ٹھوڑی پر روایتی ٹیٹو بنوایا۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر دی گئی۔ اپنے قبیلے کی روایت کو زندہ رکھنے پر صارفین کی جانب سے نیوز اینکر کے اس کردار کو سراہا گیا۔
اس حوالے سے مذکورہ اینکر کا کہنا تھا کہ ان کا قبائلی ٹیٹو کے ساتھ ٹی وی پر خبریں پڑھنے کا خواب پورا ہو گیا اور امید ہے کہ آئندہ بھی ما اوری قبیلے کی مزید خواتین چہرے پر ٹیٹو سجائے خبریں پڑھیں گی۔ اینکر اورینی کائیپارہ کے اس نئے انداز سے خبریں پڑھنے کو لوگوں نے خوب پسند کیا اور ان کے اس اقدام کی تعریف کی۔
اورینی کائیپارہ کا تعلق ما اوری قبیلے سے ہے اور اس قبیلے کی خواتین ٹھوڑی کے نچلے حصے پر ٹیٹو بنواتی ہیں جو اس قبیلے کی پہچان ہے۔