آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد نے کہا ہے بھارتی فوج نےکشمیریوں پرمظالم کی حدکردی،عالمی برادری نوٹس لے۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت تمام عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔
مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم انسانی حقوق کے علمبرداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر مظفرآباد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عتیق احمد نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا کشمیر کے حالات کی سنگینی کا احساس کرے۔ اس وقت نریندر مودی ہٹلر کے راستے پر چل کر مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کے بدترین قتل عام کی تیاریاں کررہا ہے۔
نریندر مودی کے جنگی جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا دن منانے سے اہم بات یہ ہے کہ انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔کشمیر فلسطین سمیت تمام علاقوں میں انسانیت پربدترین جبروتشدد ہورہا ہے جسے روکنا از حد ضروری ہے۔