Site icon روزنامہ کشمیر لنک

باغ آزاد کشمیر: نجی کمپنی کے اشتراک سے سیف سٹی منصوبے کا افتتاح، شہر کو محفوظ بنائیں گے، آئی جی پولیس

آزاد کشمیر

انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر سہیل حبیب تاجک نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کو درہ آدم خیل نہیں بننے دیں گے۔ کشمیر سے جرم کر کے نہ تو کوئی باہر جا سکے گا اورنہ ہی جرم کرنے والا کوئی کشمیر میں داخل ہو سکے گا۔

سیف سٹی پراجیکٹ اور انٹر ی پوائنٹس پر شناختی کارڈ سکیننگ جیسی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آزاد کشمیر پولیس کو جدت سے آراستہ کر رہے ہیں۔ آزاد کشمیر خوبصورت ترین اور پر امن علاقہ ہے عوام تعاون کریں پولیس عوام کی محافظ ہے عوام دوست پولیس ہمہ وقت جرائم کے خاتمہ کے لیے تیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ باغ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے باغ شہرمیں نجی کمپنی ایم ٹی بی سی کے تعاون سے سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح بھی کیا اور قبل ازیں ون فائیو دفتر میں چوری شدہ پکڑی کی گاڑیوں کا بھی معائنہ کیا اور کار لفٹنگ ٹیم کی کاروائیوں پر انہیں شاباش بھی دی۔ اس موقع پر انکے ہمراہ ڈی آئی جی پونچھ ڈویژن راشد نعیم، ڈپٹی کمشنر باغ محمد صابر مغل، ایس ایس پی زاہد مرزا، ڈی ایس پی شفیق مغل، ایس ایچ او سردار امجد، ڈائریکٹر پبلک ریلیشن ایم ٹی بی سی زرطیف بادشاہ سمیت دیگر ڈویژنل و ضلعی آفیسران و اہلکاران بھی موجود تھے۔

سہیل حبیب تاجک نے کہا کہ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ سے شہر کے اندر جرائم پیشہ افراد کو پکڑنے اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے تمام انٹر ی پوائنٹس پر جدید ٹیکنالوجی دے رہے ہیں جہاں پر شناختی کارڈ سکیننگ کے ذریعے ہی جرائم پیشہ افراد کو باہر جانے اور انٹر ہونے سے روکا جا سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی آر بھی میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق جدت لا رہے ہیں تا کہ دورہ جدید کے تقاضوں کے عین مطابق ایف آئی آرز درج ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں خواتین کے مسائل کے حل کے لیے پہلا وویمن پولیس اسٹیشن راولاکوٹ میں قائم کر دیا گیا ہے اب مظفر آباد اور میر پور میں بھی تھانے قائم کیے جائیں گے جہاں پر تمام سٹاف خواتین پر ہی مشتمل ہوگا اور خواتین اپنی شکایت با آسانی درج کروا سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں باہر سے چوری ہو کر آنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ضلع باغ میں بہترین پیش رفت ہوئی ہے اور درجنوں گاڑیاں اس وقت تک پکڑی جا چکی ہیں جو باغ پولیس کی بہترین کارکردگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر پولیس کو عوام دوست بنا رہے ہیں عوام کی زبان اور سرکار کے کان میں اب زیادہ فاصلہ نہیں رہے گا۔

تمام تھانہ جات میں ایک بٹن موجود ہے جسے دبانے پر سائل فوری طور پر آئی جی یا ڈی آئی جی سے ڈائریکٹ بات کر کے اپنا مسئلہ پیش کر سکتا ہے جس پر فوری کاروائی کیجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت جرم سے ہے انسانیت سے نہیں عوام کے محافظ ہیں عوام ہمارے ساتھ تعاون کریں آزاد کشمیر کو جرائم فری سٹیٹ بنائیں گے۔

Exit mobile version