Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ہم چاہتے ہیں چین کی ٹیکنالوجی کمپنیاں پاکستان آئیں: فواد چودھری

چین کی ٹیکنالوجی

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں چین کی ٹیکنالوجی کمپنیاں پاکستان آئیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے چائنہ اکنامک نیٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان چین کی مدد سے سیمی کنڈیکٹرز زون قائم کرنا چاہتا ہے اور دورہ چین پر سیمی کنڈیکٹرز انڈسٹری کی پاکستان منتقلی پر گفتگو ہوئی۔ ٹیکنالوجی نہ صرف پاکستان بلکہ چین کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں چین کی ٹیکنالوجی کمپنیاں پاکستان آئیں اور پاکستان کو سیمی کنڈیکٹرز مینوفیکچرنگ کا مرکز بنائیں۔ پاکستان میں سیمی کنڈیکٹر ڈیزائننگ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں اور چینی سرمایہ کار پاکستان کے ساتھ کام کرنے میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ ٹیکنالوجی زون کو سیمی کنڈیکٹرز زون میں بدل دیا جائے گا، سائنس و ٹیکنالوجی کا بڑا شعبہ ہے جس میں دونوں ممالک تعاون کر سکتے ہیں جبکہ موبائل فونز اب پاکستان میں بھی تیار ہو رہے ہیں تاہم پاکستان میں موبائل فونز کی مکمل مینوفیکچرنگ شروع کرنا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شعبہ صحت میں آلات کے حوالے سے دوطرفہ تعاون میں اضافہ ہوا ہے اور کورونا کے ابتدائی چند ماہ میں شعبہ صحت سے متعلق ہر چیز درآمد کر رہے تھے لیکن اب پاکستان شعبہ صحت سے متعلق ایک بڑا برآمد کنندہ ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہنر مند لیبر اور ایک بڑی مارکیٹ ہے، امید ہے کہ چینی ٹیک کمپنیاں ٹیکنالوجی زون میں ہماری مدد کریں گی اور وزیر اعظم کے دورہ چین کے بعد چینی ٹیکنالوجی کمپنیاں پاکستان آئیں گی۔

Exit mobile version