مظفر آباد کی تحصیل پٹہکہ، نصیر آباد کے نواحی علاقہ سیری بھیڑی میں اپینڈکس کا مرض وبائی شکل اختیار کر گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق سیری درہ اور بھیڑی میں اپنڈکس کی بیماری نے وبا کی شکل اختیار کر لی ہے۔ سیری بھیڑی کے 100 سے زائد افراد اپینڈکس کے مرض میں مبتلا ہوکر ہسپتال پہنچے۔ سو سے زائد افراد دو ہفتوں میں مظفرآباد کے مختلف ہسپتالوں میں اپینڈکس کاآپریشن کروا چکے ہیں۔ اس بیماری کے کئی مریض ابھی بھی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
بڑے پیمانے پر بیماری پھیلنے کے باوجود ابھی تک محکمہ صحت وجوہات جاننے میں ناکام ہے۔ عوام علاقہ کے بقول محکمہ صحت کو بار بار شکایات کے باوجود حفاظتی اقدامات نہیں کیے جا رہے ۔ محکمہ صحت کی ٹیموں نے ابھی تک علاقے کا دورہ تک نہیں کیا۔
عوام علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر و دیگر ذمہ داران اِس معاملے کا نوٹس لیں
تاہم وزیر صحت ڈاکٹر انصر ابدالی کے بقول محکمہ صحت معاملے سے باخبر ہے اپنڈکس پھیلنے کی وجوہات جانے کے لئے ڈاکٹر ز کی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
وزیر صحت کے مطابق حکومت کو اپنڈکس کا وبا کی صورت میں پھیلنے پر تشویش ہے۔ علاقے سے پانی کے نمونے اور خوراک کی ٹسیٹنگ کرکے وجوہات کا تعین کریں گے۔
عوام کی جان و مال صحت کا تحفظ ہماری اولیں ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وادی نیلم کے گاوں اسلام پورہ میں بھی اپینڈکس کے مرض کی وبائی شکل اختیار کرنے کی اطلاعات اچکی ہیں