Site icon روزنامہ کشمیر لنک

4300 ایڈہاک ملازمین کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے آزاد کشمیر حکومت نے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی

ایڈہاک ملازمین کے مستقبل کا فیصلہ

آزادجموں وکشمیر کابینہ نے آئین و قانون اورانسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایڈہاک ملازمین کے مستقبل کا فیصلہ طے کرنے کے حوالہ سے کابینہ کمیٹی کو سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔

کابینہ کمیٹی پنجاب، خیبر پختونخواہ اور عدلیہ کے فیصلوں کو سامنے رکھتے ہوئے سفارشات مرتب کر کے پیش کریگی جس کے بعد ایڈھاک ملازمین کے مستقبل کے حوالہ سے فیصلہ کیا جائیگا۔ کابینہ نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ بھی منظورکر لیا جس کے تحت الیکشن ایکٹ میں بلدیاتی انتخابات کی شق شامل کی جائیگی۔ کابینہ نے سیاحت کے فروغ کیلئے ٹورازم پرموشن ایکٹ2019میں ترمیم کے ذریعے ٹورازم اتھارٹی قائم کرنے کی منظوری دیدی جس کے تحت اب حکومت آزادکشمیر سپیشل ٹورازم زون ڈکلیئر کر سکے گی۔

کابینہ نے وفاق کے ساتھ ملکر شونٹر ٹنل سے منسلک شاہراہ اور مانسہرہ مظفرآباد موٹروے کی تعمیر کی منظور ی دیدی۔ کابینہ نے فوڈ پالیسی اور پبلیکیشن آف ہولی قرآن (پرنٹنگ اور ریکارڈنگ اغلاط حذف کرنے کا)ترمیمی ایکٹ کی بھی منظوری دے دی۔ کابینہ نے سی پیک میں شامل پن بجلی کے منصوبوں کے آف شور سپلائی کنٹریکٹس پر ود ہولڈنگ ٹیکس وصول کرنے کی منظوری دیدی۔ کابینہ کا اجلاس جمعرات کے روز وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر سردار تنویر الیاس سمیت وزراء کرام، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز حکومت،انسپکٹر جنرل پولیس سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری سیاحت نے ٹورازم پروموشن ایکٹ 2019کے حوالہ سے کابینہ کمیٹی کی سفارشات پیش کیں۔ انہوں نے کابینہ کو بتایا کہ ٹورازم پرموشن ایکٹ2019میں ترمیم کے بعد آزادکشمیر میں سپیشل ٹورازم زونز بنائے جائیں گے۔

سیاحت کے فروغ کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات پر مشتمل ٹورازم اتھارٹی بنائی جائیگی اور کسی علاقے کو ٹورازم زون ڈکلیئر کرنے سے پہلے تمام متعلقہ محکمہ جات کا این او سی حاصل کرنا ہوگا۔ کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری برقیات نے بتایا کہ کوہالہ ہائیڈروپاور پراجیکٹ سی پیک کے تحت بننے والا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے 1124میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ چینی کمپنی یہ منصوبہ2.5بلین ڈالر کی لاگت سے مکمل کریگی اور ابتدائی30سال تک یہ منصوبہ چینی کمپنی کے پاس رہے گا جس کے بعد یہ منصوبہ مکمل طورپر حکومت آزادکشمیر کو منتقل ہو جائے گا۔

اس منصوبے سے آزادکشمیر نہ صرف سستی بجلی ملے گی بلکہ پانچ سالوں کے دوران ٹیکس کی مد میں 32بلین روپے کی آمدن بھی ہوگی۔ سیکرٹری خوراک نے فوڈ پالیسی کے حوالہ سے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس پالیسی کی منظوری سے آزادکشمیر میں خوراک کوذخیرہ کرنے کیلئے ریزرو سٹاکس بنائے جائیں گے تاکہ گندم کو محفوظ بنایا جا سکے اورپسماندہ علاقوں میں آٹا کی ہمہ وقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مزید نئے خوراک ڈپو قائم کیے جائیں گے۔

اس پالیسی کے بعد محکمہ خوراک کو فنڈز کی یکمشت فراہمی اور آٹا کی کوالٹی اور قیمت میں توازن قائم رکھا جاسکے گا۔ کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری سروسز نے بتا یا کہ ایڈوائزرز و معاونین خصوصی ترمیمی ایکٹ کی منظوری سے مشیران اور معاونین خصوصی برائے وزیراعظم اور صدر کے بجائے اب مشیر اور معاون خصوصی برائے حکومت ہوں گے۔ حکومت دو مشیر ان اور دو معاونین خصوصی مقرر کر سکتی ہے۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے ایڈھاک ایکٹ کے حوالہ سے قائم کابینہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پرآئین و قانون کے مطابق دیگر صوبوں کی مثال کو سامنے رکھتے ہوئے ایسی سفارشات مرتب کی جائیں کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ گزشتہ حکومتوں کی غلطیوں کی سزا کسی ایک فردکو نہیں دے سکتے۔ ماضی کی حکومتوں نے ایڈھاک ملازمین کے حوالہ سے آئین و قانون کے مغائر فیصلہ کر کے ناانصافی کی جس سے پڑھے لکھے نوجوانوں کا استحصال ہوا۔

کمیٹی بغیر کسی دباؤ کے خالصتاً انصاف اور میرٹ پر مبنی سفارشات لائے تاکہ دھائیوں سے زیر التواء اس پیچیدہ مسئلے کو حل کیا جا سکے۔ تحریک انصاف آزادکشمیر حکومت میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی روشنی میں آزادکشمیر میں میرٹ اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہر وہ کام کریں گے جو ریاست اور عوام کے مفاد میں ہو۔

کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے جس سے ریاست یا عوام کے مفاد پر آنچ آئے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادمیں سیاحت کو فروغ دیکر بیروزگار میں کمی اور ریاست کی آمدن بڑھانا چاہتے ہیں۔ اس سلسلہ میں ٹورازم پرموشن ایکٹ کی ترمیم سے آزادکشمیر میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور نئے سیاحتی سپاٹس بنائے جائیں گے جس سے عوام کو مقامی سطح پر روزگار بھی میسر آئے گااور ریاستی آمدن بھی بڑھے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر میں عمران خان کے ویژن کے مطابق بلاتفریق احتساب کریں گے۔ احتساب کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ ہم سب عوام کو جوابدہ ہیں۔ سرکاری خزانے کا ایک ایک پیسہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہے اور اسی پر خرچ ہوگا۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں سے خصوصی عقیدت رکھتے ہیں۔

عالمی سطح پر بطور سفیر کشمیر انہوں نے موثر انداز میں کشمیریوں کی ترجمانی کی اور آزادخطہ کی تعمیر وترقی کیلئے فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی عمران خان سے ملا تو ان میں کشمیریوں کیلئے درد محسوس کیا۔ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر پلاننگ کمیشن نے اپنی پالیسی سے ہٹ کر صرف آزادکشمیر کا تیسری سہ ماہی کیلئے پورا حصہ(30فیصد) ریلیز کر دیا ہے جو اس بات کا غماز ہے کہ عمران خان آزادخطہ کی تیز رفتار تعمیر و ترقی چاہتے ہیں۔ کابینہ اجلاس میں پشاور، سبی اور کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

Exit mobile version