Site icon روزنامہ کشمیر لنک

اپوزیشن نے سوئے ہوئے شیر کو جگا دیا: فواد چوہدری

سوئے ہوئے شیر

وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے سوئے ہوئے شیر کو جگا دیا۔

عمران خان کے پاس بھی جو فارمولا ہے اس کے بعد اپوزیشن کو ہاتھ ملتے ہوئے دیکھیں گے۔ کوئی پی ٹی آئی میں ایسا آدمی نہیں ہے جو اس موقع پر عمران خان سے غداری کرے گا۔ تما م لوگ ہمارے ساتھ ہیں، ابھی دیکھتے ہیں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی نوبت بھی آتی ہے کہ نہیں۔

ہمیں امید ہے کہ ایم کیو ایم ، بی اے پی، جی ڈی اے ، یا پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم سمیت تمام پارٹیاں جس طریقہ سے گذشتہ ساڑھے تین برس سے ہمارے اتحاد کا حصہ ہیں۔ یہ ہمارے اتحاد کا حصہ رہیں گی۔ ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے پارٹی رہنما عامر محمود کیانی کے ہمراہ پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کور کمیٹی کا اجلاس وزیر اعظم عمران خا ن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پوری کور کمیٹی نے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کیا ہے۔ اس وقت لوگوں کو کروڑوں روپے کی آفرز کی جارہی ہیں اور لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے سے پہلے ہماری پارٹی بھی سستی میں پڑ گئی تھی لیکن تحریک عدم اعتماد پیش کرکے آصف علی زرداری ، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے سوئے ہوئے شیر کو جگا دیا ہے۔

جو تحریک انصاف کا کارکن گھروں میں بیٹھا ہوا تھا وہ آج وزیر اعظم عمران خان کی کال پر اس طرح باہر نکلا ہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اپوزیشن کی تینوں پارٹیاں عمران خان کے مقابلہ میں کوئی تھرڈ کلاس جلسہ کر کے ہی دکھا دیں۔انہوں نے کہا کہ نہ پہلے عمران خان کبھی بلیک میل ہوئے ہیں اور نہ پی ٹی آئی ہوئی ہے۔

ہم اپنی تمام تر قوت سے عمران خان کے پیچھے کھڑے ہیں اور عمران خان کے پاس بھی جو فارمولا ہے اس کے بعد اپوزیشن کو ہاتھ ملتے ہوئے دیکھیں گے، ان کو سمجھ نہیں آئے گی کہ ہمارے ساتھ ہوا کیا ہے۔ قانونی حکمت عملی بھی ہمارے پاس ہے اور تاش کے سارے پتے ہمارے پاس ہیں، ہم فیصلہ کریں گے کہ اگلی چال کیا ہوگی۔ ہماری چال کے بعد جو تین جوکر کھڑے نظرآرہے ہیں اس کے بعد نظر نہیں آئیں گے۔

Exit mobile version