روس کی ماریوپول میں شدید بمباری جاری ہے۔ شہر نوے فیصد تباہ ہو گیا۔
اقوام متحدہ کے مطابق جنگ سے 43 لاکھ بچے بے گھر ہو چکے ہیں۔ کیف ، خارکیو اور چرنی ہیو پر بھی بڑے حملے ہو رہے ہیں۔ یوکرین کا برڈیانسک میں روس نے بڑا جنگی جہاز تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ بندرگاہ دھماکوں سے لرز اٹھی۔ حال ہی میں روسی افواج نے بندرگاہ پر قبضہ کیا تھا۔ یوکرین اور روس کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ اگر یوکرین سیز فائر کیلئے علاقہ چھوڑتا ہے تو امریکا اس کا احترام کرے گا جس پر صحافیوں نے سوالات اٹھائے تو جوبائیڈن نے جواب دیا کہ علاقہ دینے کا فیصلہ یوکرین کا اپنا ہوگا مگر یقین ہے کہ اسے ایسا نہیں کرنا پڑے گا۔ چین کو روس کی مدد کرنے کے خلاف خبردار کیا ،کہا روس کی مدد کرنے پر مغرب میں چین کے مفادات خطرے میں پڑ جائیں گے۔
بھارت اور روس نے تیل کی خریدوفروخت ڈالر اور یورو میں نہ کرنے پر غور شروع کر دیا۔ روسی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ہندوستانی روپے اور روبل میں تیل کی تجارت کیلئے بات چیت جاری ہے۔
ادھر امریکا روسی معیشت کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے لگا۔ عالمی منڈیوں میں روسی سونے اور چاندی کی فروخت روکنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے۔