Site icon روزنامہ کشمیر لنک

لاہور: انارکلی بم دھماکے میں ملوث ایک اور دہشتگرد گرفتار

انارکلی بم دھماکے

لاہور کے انارکلی بم دھماکے میں ملوث ایک اور دہشت گرد کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

عدالت نے ملزم کا 12اپریل تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ دہشت گرد کو بلوچستان کے گرفتار ہونے والے اس کے ساتھی کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔ انارکلی دھماکے کے مرکزی ملزم بلوچستان سے گرفتار ہوئے تھے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا ہے۔

دہشت گرد کا نام سیف الرحمان ہے جو ٹرک اڈے میں ملازمت کرتا تھا اور 20 جنوری کو دھماکے کے بعد ٹرک اڈے کے پاس روپوش ہوگیا تھا۔ دہشت گرد کا تعلق بلوچستان کی کالعدم تنظیم سے ہے اور لاہور دھماکے کے لئے دھماکا خیز مواد بھی ٹرک میں بلوچستان سے سپلائی کیا گیا۔

گرفتار دہشت گرد سیف الرحمان کو سی ٹی ڈی نے انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت میں پیش کردیا ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ گرفتاردہشت گرد سے واقعے سے متعلق تفتیش درکار ہے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے کارروائی مکمل کرتے ہوئے ملزم کا 12اپریل تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

Exit mobile version