چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ(ن) کے نائب صدراور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی وزیراعلی پنجاب کا انتخاب سے متعلق درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے حمزہ شہباز کی وزیراعلی پنجاب کا انتخاب کرانے کی درخواست پررجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے وزیراعلی کے انتخاب کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کی تھی جس میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
رجسٹرار آفس نے حمزہ شہباز کی درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسپیکرکے احکامات عدالت میں چیلنج نہیں ہوسکتے۔ حمزہ شہباز کی درخواست پر بطور اعتراض کیس کی سماعت ہوگی۔ لاہورہائیکورٹ نے اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست سماعت کے لئے مقررکرنے کی ہدایت کردی۔
درخواست میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ یکم اپریل سے وزیراعلی پنجاب کا عہدہ خالی ہے لہذا پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلا کر کے فوری طورپر وزیراعلی کا انتخاب کرایا جائے۔ درخواست میں پنجاب اسمبلی کے احاطے کو سیل کرنے کے اقدام کو بھی غیر قانونی قراردینے کی استدعا کی گئی ہے۔