ایون فیلڈ ریفرنس: نواز شریف اور مریم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی تو اس موقع پر صرف نواز شریف پیش ہوئے، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر مسلسل دوسری سماعت پر غیرحاضر رہے۔سماعت شروع ہوئی تو نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس میں استدعا کی گئی کہ کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن جانا ہے اس لیے 11 تا 15 جون تک حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔درخواست گزاروں کی جانب سے درخواست کے ساتھ کلثوم نواز کی نئی میڈیکل رپورٹ بھی لگائی گئی۔اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس پر 11 جون کو بحث کرلی جائے، کیس حتمی مراحل میں ہے اور ملزمان کی جانب سے درخواست آگئی ہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کی استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت کل صبح تک کے لیے ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں