نواز شریف نے احتساب عدالت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں حتمی دلائل مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کیے جانے کے احتساب عدالت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔سابق وزیراعظم نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ہمیں لندن فلیٹ ریفرنس میں دفاع پہلے ظاہر کرنے پر مجبور کیا گیا جب کہ تینوں ریفرنسز میں اثاثے بنانے کا ایک ہی الزام لگایا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب کے اہم گواہ واجد ضیاء کا بیان بھی تینوں ریفرنسز میں ایک ساتھ اور تینوں ریفرنسز کو یکجا ہونا چاہیے تھا، واجد ضیاء العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں بھی اپنا بیان مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔ نواز شریف کی جانب سے دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے ہماری درخواست مسترد کر کے خلاف قانون فیصلہ جاری کیا، واجد ضیاء کا تینوں ریفرنسز میں ایک ساتھ بیان ریکارڈ نہ کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں